تحریک انصاف نے حکومت کو اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کردیئے،اہم نکات سامنے آ گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کردیئے۔
نجی ٹی وی چینل جیونیوز کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے، پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کردیئے،پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت چیف جسٹس یا 3ججز پر مشتمل 2کمیشن آف انکوائری تشکیل دے، کمیشن وفاقی حکومت کمیشن آف انکوائری ایکٹ2017کے تحت قائم کرے،تحریک انصاف نے دوسرا مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن کے ججز کی تعیناتی تحریک انصاف اور حکومت کی باہمی رضامندی سے 7روز میں کی جائے،اس کے علاوہ کمیشن بانی پی ٹی آئی کی 9مئی سے متعلق گرفتاری کی انکوائری کرے،اسلام آباد ہائیکورٹ میں رینجرز اور پولیس کے داخل ہونے کی انکوائری کی جائے،بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد 9مئی واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز کی تحقیقات کی جائیں،پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات میں کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں گرفتار کارکنوں اور تشدد کا شکار ہونے والوں کی فہرست پیش کی جائے،9مئی واقعات پر ایک ہی شخص پر بار بار ایف آئی آر کاٹ کر قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ کمیشن ملک بھر میں انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کی تحقیقات کرے اور ذمے داری فکس کرے،کیا 9مئی سے متعلق میڈیا پر سینسر شپ لگائی گئی اور صحافیوں کوہراساں کیا گیا؟
تحریک انصاف کے مطالبہ کیا ہےکہ دوسرا کمیشن 24سے 27نومبر2024کے واقعات کی تحقیقات کرے،کمیشن اسلام آباد میں مظاہرین پر فائرنگ، طاقت کے ااستعمال کا حکم دینے والوں کی شناخت کرے،کمیشن شہدا، زخمیوں کی تعداد پر ہسپتالوں، میڈیکل سہولیات کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جانچ کرے،کمیشن مظاہرین کے خلاف طاقت کے زیادہ استعمال کے ذمے داران کی شناخت کرے،کمیشن ایف آئی آرز کے اندراج میں درپیش مشکلات کی تحقیقات کرے۔کمیشن میڈیا سینسرشپ کے واقعات کی تحقیقات کرے۔