آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کی افتتاحی تقریب ،3 کروڑ روپے تک کا قرضہ بلا سود ملے گا: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب میں 3 کروڑ روپے تک کا قرضہ بلا سود ملے گا۔صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے حکومت پنجاب کا بڑاا قدام ”سی ایم پنجاب آسان کاروبار فنانس“ اور”آسان کاروبار کارڈ“ سکیموں کا اجراء کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دونوں سکیموں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ نے آسان کاروبار سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 10لاکھ سے 3کروڑ روپے تک بلاد سود قرضے دیئے جائیں گے۔ ادائیگی بھی آسان ترین اقساط میں ہوگی۔ آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 5 سے 10لاکھ روپے تک قرضے دیئے جائیں گے۔ ان سکیموں سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند آج ہی آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ سکیموں کے لئے مزید معلومات ہیلپ لائن 1786 کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے انقلابی سکیموں کا آغاز کیا ہے۔ یہ سکیمیں پنجاب اور پاکستان کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے ہی معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔سی ایم پنجاب آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ پنجاب حکومت کی اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد سکیمیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کاروبار شروع کرنا آسان نہ تھا، ہم نے ان سکیموں کے ذریعے کاروبار کو آسان بنا دیا ہے۔ چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لئے نہایت رعایتی نرخوں پر زمین بھی دیں گے۔ صوبے کی تاریخ کا پہلا پروگرام ہے جس کے تحت 3کروڑ روپے تک کا قرضہ 100فیصد بلاسود دیا جارہا ہے۔قرضے کے حصول کے لئے فوری طور پر کسی این او سی، لائسنس اور نقشہ پاس کرانے کی بھی ضرورت نہیں۔ آج قرضہ حاصل کریں اور کل اپنے کاروبار شروع کریں۔ یہ بلاسود قرضے بینک آف پنجاب کے ذریعے دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ملک کی برآمدات بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے پر مزید مراعات دیں گے۔ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں انڈسٹری لگانے والوں کو 50لاکھ روپے تک کی مالیت کا سولر سسٹم بھی فری دیں گے۔ ان سکیموں کے ذریعے ایس ایم ایز کے لئے ایسی نئی راہ متعین ہوگی جس کی منزل خوشحال پنجاب ہے۔نوجوان کاروباری افراد ان سکیموں سے فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار کو وسعت دیکر معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ حکومت کی ان بلاسود قرضوں کی سکیموں سے اقتصادی ترقی کو نئی جہت ملے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اقتدار میں آنے سے قبل ملک کی معیشت ڈوب رہی تھی۔ ہر طرف پاکستان کے ڈیفالٹ کر جانے کی باتیں ہورہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شب روز کی محنت سے پاکستان ان خطرات سے باہر نکلا۔ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے دور میں ترقی کی شرح 5.7 کے قریب تھی۔ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ ہوچکا تھا۔ ملک معاشی طور پر مستحکم تھا۔ بد قسمتی سے گزشتہ 4سال کے دوراقتدارمیں ملک تباہی سے دوچار ہوا۔ مہنگائی کی شرح38فیصد پر آگئی۔ڈالر 104روپے سے بڑھ کر پونے تین سوروپے تک چلا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے قومی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں۔ ترسیلات زر اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ1 لاکھ18ہزار پوائنٹس کو کراس کر چکی ہے۔ ہمیں اجتماعی کاوشوں سے ان اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک نے صنعت کاری کے عمل کو تیز کرکے ہی ترقی کا سفر طے کیا ہے۔ ہمیں بھی صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، بد قسمتی سے زمین میں چھپے خزانوں سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جارہا۔ پنجاب حکومت معدنی دولت سے استفادہ کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹرلائزیشن کے عمل کو تیزکرنے میں ہر ایک اپنا کردار ادا کرے۔سود فری قرضے کیلئے آج ہی اپلائی کریں اورخصوصی ہیلپ لائن بھی آپ کی مدد کیلئے آن کردی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، صدر بینک آف پنجاب ظفر محمود،مختلف ایوان ہائے صنعت وتجارت کے صدور اور سیکرٹری صاحبان نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے دونوں سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔