سڑکوں اور پلوں کے بجائے انسانوں پر پیسہ خرچ کر کے ترقی ممکن بنائی جا سکتی ہے :عمران خان

سڑکوں اور پلوں کے بجائے انسانوں پر پیسہ خرچ کر کے ترقی ممکن بنائی جا سکتی ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لکی مروت(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو93فیصد مالی وسائل مرکز سے ملتے ہیں جن میں ہر سال کمی کی جاتی رہی ہے جو سب سے بڑا مسئلہ ہے اوراس سے ترقی کا عمل متاثر ہوا،سڑکوں اور پلوں کی تعمیر یا میٹرو اور اورنج ٹرین منصوبے اصل ترقی نہیں بلکہ انسانوں پر پیسہ خرچ کرکے ترقی لائی جا سکتی ہے، ہم نے ہیومن ڈویلپمنٹ پر توجہ دی کیونکہ انسانی ترقی کی بدولت مسائل خود بخود حل ہوجاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے طور طلہ منجی والا میں سونامی ٹری پلانٹیشن سائٹ کے دورے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ65سال میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، ہم تعلیم پر سب سے زیادہ پیسہ خرچ کررہے ہیں سکولوں میں اساتذہ کی حاضریاں یقینی بنائی گئی ہیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کثیر فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے اس کے علاوہ صحت کی سہولتوں میں بہتری لائی گئی ہے اور اب چھوٹے سے چھوٹے ہسپتال میں بھی ڈاکٹر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلین سونامی ٹری پلانٹیشن منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں80کروڑ پودے لگائے جاچکے ہیں اس سال کے آخر تک ایک ارب پودے لگانے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا، اس سے دنیا میں ایک تاریخ قائم ہوگی کیونکہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ایک بڑا قدم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے لحاظ سے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے جہاں گلیشیر پگل رہے ہیں کیونکہ ماضی میں درخت لگائے نہیں8 بلکہ کاٹے گئے ہیں جبکہ ہم درخت لگاکر ملک کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ بدین کو نیشنل پارک ڈیکلیئر کیا جاچکاہے جنوبی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اسے ہالیڈے ریزارٹ بنایا جائے گا۔بعدازاں میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا ۔

مزید :

علاقائی -