بدین: 2 گروپوں میں تصادم،6 افراد جاں بحق،7 زخمی

بدین(ڈیلی پاکستان آن لائن )کیریو گھنورمیں زمین کے تنازع پر2 گروپس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
روز نامہ امت نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جھگڑا راہموں اور خاصخیلی گروپ کے درمیان ہوا، فائرنگ، کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس میں راہموں گروپ کے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے جبکہ خاصخیلی گروپ کے دو ا فرد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کھورواہ اور گولارچی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدین میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کا نوٹس لیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت قانونی کارروائی کر کے رپورٹ دی جائے،شہریوں کی جان، مال اور عزت آبرو کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت پھیلانے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے؛ مجھے افسوس ہے کہ برکتوں بھرے مہینے میں بھی لوگ ایک دوسرے کا خون بہانے سے گریز نہیں کرتے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی بدین سے تفصیلات طلب کرلیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ فی الفور پولیس ٹیمز کو حرکت میں لایا جائے، قانون شکن اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، خوف اور دہشت پھیلانے والے عناصر کے خلاف آہنی اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن اور قانون کی رٹ کے قیام کے لئے علاقہ معززین اور معروف شخصیات کے کردار کو یقینی بنایا جائے۔