موبائل ایپلی کیشنز وآئی ٹی اصلاحات دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہو نگی : آئی جی پنجاب

موبائل ایپلی کیشنز وآئی ٹی اصلاحات دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہو نگی : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ’’ سیٹیزن آئی ایپ‘‘ اور’’ ایکس سروس مین ایپ‘‘ جدید پولیسنگ کا اہم سنگ میل ثابت ہوں گے جن کی مدد سے عوام اور پولیس کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکاروں کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستان کی لیڈنگ فورس ہے جس کے زیر استعمال موبائل ایپلی کیشنز اوردیگر آئی ٹی اصلاحات ملک کے دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید پولیسنگ کے نظرئیے کو مد نظررکھ کر بنائی گئی ان اصلاحات کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی پھیلایا جائے اور ساتھ ہی انکی مانیٹرنگ کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سروس مکمل طرز زندگی اور ایک مقدس فریضہ ہے جس میں سزاو جزا کے عمل کو خاص اہمیت حاصل ہے، پنجاب پولیس کے تمام افسران و اہلکار یہ عہد کئے ہوئے ہیں کہ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک مصروف عمل رہیں گے ، پنجاب پولیس نے ماضی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور مستقبل میں بھی اپنی درخشاں روایات کو برقراررکھتے ہوئے شجاعت اور فرض شناسی کی اعلی مثالیں قائم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سی سی پی او آفس لاہور اور قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن میں افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سی سی پی او آفس آمد پر آئی جی پنجاب کا استقبال سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن رانا ایاز سلیم ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر معین مسعود اور سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد سمیت دیگر افسران نے کیا۔ تقریب کے بعد آئی جی پنجاب نے پولیس لائن میں دیئے گئے بڑے کھانے میں بھی شرکت کی اور افسروں اور اہلکاروں میں گھل مل کر ان کے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ موقع پر کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔

مزید :

علاقائی -