دبئی میں"پاکستان نائٹ' کا انعقاد
دبئی ( طاہر منیر طاہر سے) دبئی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ٹیکنالوجی نمائش”جائٹیکس گلوبل 2024 ‘‘کی سرگرمیوں کے سلسلے میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ایک خصوصی نیٹ ورکنگ ایونٹ "پاکستان نائٹ" کا انعقاد کیا گیا۔ ٹیک پروفیشنلز اور بزنس لیڈرز کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیے گئے اس ایونٹ نے مختلف قومیتوں کے سینکڑوں ٹیک ایگزیکٹوز کو اپنی طرف متوجہ کیاجو باہمی تعاون اور خیالات کے تبادلے کے لیے منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
تقریب میں شیخ منا بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دبئی سلیکون اوسس کے سینئر نائب صدر انٹرپرینیور شپ غنیم الفلاسی اور دیگر اماراتی شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی قونصل جنرل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے "جائٹیکس"کے ذریعے اتنا اہم پلیٹ فارم فراہم کرنے پر شیخ محمد بن راشد المکتوم کا شکریہ ادا کیا۔
فیصل ترمذی نے کہاکہ اس طرح کے مواقع کے ذریعے ہم آئی ٹی سے متعلق اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ اور عالمی سطح پر پاکستان کی تکنیکی صلاحیت کو نمایاں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی ٹیک انڈسٹری کو فروغ دینے اور اس کے عالمی رسائی کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔حکومت پاکستان ، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ کی جانب سے سفیر فیصل نیازترمذی نے پاکستان کو "ٹیک ڈسٹی نیشن 2024"قرار دینے پر جائیٹکس گلوبل کا شکریہ اداکیا۔