عمران خان اور ان کی تحریک کی حمایت کرتا ہوں، اب ’دل دل پاکستان‘ گانے کو دل نہیں کرتا: جنید جمشید

عمران خان اور ان کی تحریک کی حمایت کرتا ہوں، اب ’دل دل پاکستان‘ گانے کو دل ...
عمران خان اور ان کی تحریک کی حمایت کرتا ہوں، اب ’دل دل پاکستان‘ گانے کو دل نہیں کرتا: جنید جمشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے مشہور مبلغ اور نعت خواں جنید جمشید نے کہا ہے کہ لوگ اس فرسودہ اور جھوٹے نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اس نظام کو اب شکست ہو کر رہے گی، میں عمران خان اور ان کے آزادی مارچ کی حمایت کرتا ہوں، عمران خان چاہے اب واپس بھی آ جائیں تو لوگ گھروں کو واپس نہیں جا سکتے۔
ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت انتہائی غلط نظام موجود ہے،آج ’دل دل پاکستان‘ گاناگانے کا دل نہیں کرتا،میں عمران خان کا بچپن سے فین ہوں،انہوں نے نظام کے خلاف بغاوت کی ہے، یہاں فرسودہ نظام کے خلاف تبدیلی لانے کے لئے قربانی کی ضرورت ہے،اب اگر عمران واپس بھی آجائیں تو لوگ گھروں میں واپس نہیں جائیں گے، رحمان ملک کو جہاز سے اتار دیا جانا اس چیز کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غلط نظام سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف غصہ لوگوں کے دل میں بھر چکا ہے،ہمیں اچھا نظام مل جائے تو ہم اچھی قوم بن جائیں گے،اگر پاکستان میں الطاف حسین کی قربانی، بے نظیر بھٹو کی بہادری، شہباز شریف کی محنت، آصف زرداری کے اخلاق اور عمران خان کی سوچ مل جائے تو اس ملک کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔جنید جمشید نے وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ شریف برادران نے اس غلط نظام سے فائدہ اٹھایا، میں ان سے کہتا ہوں کہ کیا آپ نہیں چاہتے کہ یہاں انصاف کا نظام ہو؟ آپ بھی قربانی دینے پر تیار ہوں جائیں، نواز شریف امام حسن کی طرح استعفیٰ دے کر بڑے پن کاثبوت دے دیں، استعفے دینے سے کوئی چھوٹا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا متحدہ قومی موومنٹ کا قیام بھی اس نظام کے خلاف ہی تھا، وہ مڈل کلاس سے آئے تھے اور تبدیلی لانا چاہتے تھے، اگر وہ بھی عمران خان کا ساتھ دیں تو اس کی حمایت کرنی چاہیئے۔
جنید جمشید نے کہا کہ بطور جماعت تبلیغی جماعت کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کر سکتی، ہم سمجھتے ہیں عمران خان آج ایک ایسا کام کر رہے ہیں جس کو اللہ اور اس کے رسول پسند کرتے ہیں، جو بھی اس جھوٹے نظام کے خلاف کھڑا ہو گامیں اس کا ساتھ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1993میں ہی میں نے عمران خان کو ایک مثالی سیاسی جماعت بنانے کا مشورہ دیا تھا۔