حکومت مستقبل میں بجلی نہیں خریدے گی: اویس لغاری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت مستقبل میں بجلی نہیں خریدے گی، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری عمل میں ترقیاتی شراکت دار ہماری تکنیکی مدد کر سکتے ہیں۔
روز نامہ جنگ کے مطابق اویس لغاری کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر برائے برٹش ہائی کمیشن سے ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے پاور ڈویژن میں کی گئی تمام اصلاحات کا جائزہ پیش کیا۔
ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر برائے برٹش ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ توانائی کا شعبہ معیشت کی کامیابی اور استحکام کےلئے نہایت اہم ہے، توانائی میں بہتر گورننس کےلئے مدد دینا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان کی 55 فیصد توانائی صاف توانائی پر مبنی ہے، حکومت ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی متعارف کروانے جارہی ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقوں کےلئے الیکٹرک گاڑیاں سستی اور مو¿ثر بنانے کےلئے ترقیاتی شراکت دار کردار ادا کر سکتے ہیں، الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی کے تحت چارجنگ سٹیشنز اور بیٹری تبدیل کرنے کے سٹیشنز بنائے جائیں گے، ان سٹیشنز کو سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔