بجلی کی قیمت میں کتنے روپے کمی متوقع ہے ؟ صارفین کیلئے خوشخبری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق 31 دسمبر کو سماعت کرے گا، گزشتہ ماہ 7 ارب 71 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی پیداواری لاگت 55 ارب 76 کروڑ روپے رہی۔
ایل این جی سے 23 روپے 20 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ ایران سے 27 روپے 15 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔
کوئلہ سے بجلی کی پیداواری لاگت 14 روپے 92 پیسے رہی اور نیوکلیئر ذرائع سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ گزشتہ ماہ بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔