سانحہ ماڈل ٹاؤن کےخلاف متحدہ اپوزیشن کا احتجاج آج ہوگا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلانے کےلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کےخلاف عوامی تحریک کی زیرقیادت متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔
پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر قیادت متحدہ اپوزیشن کا احتجاج آج مال روڈ پر ہوگا،احتجاجی جلسے کےلئے پنجاب اسمبلی کے سامنے کنٹینر پر سٹیج کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ کرسیاں، لائٹیں، جنریٹر اور دیگر سامان لگا دیا گیا ہے۔
جلسے کےلئے مال روڈ کے دونوں اطراف لائٹس کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ احتجاج کی تیاریوں کے باعث مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤہے،شاہراہ فاطمہ جناح،کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ، بوڑھ والا چوک اور ایجرٹن روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے احتجاجی جلسے کےلئے آج دوپہر 12 بجے کا وقت دیا ہے، جن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور عمران خان ایک ہی سٹیج سے خطاب کریں گے۔آصف علی زرداری کا خطاب دوپہر اور عمران کا خطاب مغرب کے قریب متوقع ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث مال روڈاورملحقہ سڑکوں پرقائم تعلیمی ادارے اورتجارتی مراکزبندرہیں گے ،پنجاب حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرزطلب کرلی ہے،دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث ہسپتالوں کی انتظامیہ کوالرٹ کردیاگیا،تمام ڈاکٹروں کوڈیوٹی پرحاضرہونے کی ہدایت کر دی گئی اورچھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔