امریکی ایف ڈی اے نے کھانوں میں سرخ رنگ نمبر 3 کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، وجہ بھی سامنے آگئی

امریکی ایف ڈی اے نے کھانوں میں سرخ رنگ نمبر 3 کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، ...
امریکی ایف ڈی اے نے کھانوں میں سرخ رنگ نمبر 3 کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، وجہ بھی سامنے آگئی
سورس: PickPik

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کھانوں، مشروبات اور نگلے جانے والی ادویات میں سرخ رنگ نمبر  تین  کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔  یہ فیصلہ اس تحقیق کے  30 سال بعد کیا گیا ہے جب سائنسدانوں نے جانوروں میں اس رنگ کے کینسر سے منسلک ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ سرخ رنگ نمبر  تین  پٹرولیم سے تیار ہوتا ہے اور کیمیائی طور پر ایریتھروزین کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ  کھانے اور مشروبات کو روشن چیری سرخ رنگ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

سی این این کے مطابق یہ فیصلہ نومبر 2022 میں مختلف ایڈووکیسی تنظیموں اور افراد کی جانب سے کی گئی درخواست کے بعد آیا ہے، جن میں سنٹر فار سائنس ان دی پبلک انٹرسٹ اور ماحولیاتی ورکنگ گروپ شامل ہیں۔  ریاست کیلی فورنیا نے  پہلے ہی  اکتوبر 2023 میں اس رنگ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ایف ڈی اے کے مطابق جن مینوفیکچررز نے سرخ رنگ نمبر  تین  کو کھانے اور ادویات میں استعمال کیا ہے انہیں 15 جنوری 2027 تک اپنی مصنوعات کی ترکیب میں تبدیلی کرنی ہوگی۔ کھانے اور مشروبات کی درآمدات کو بھی اس پابندی کے مطابق ہونا ہوگا۔

امریکہ میں بہت سی کمپنیوں نے پہلے ہی اس رنگ کا استعمال ترک کر رکھا ہے جب کہ  کچھ کمپنیاں سرخ رنگ نمبر 40 استعمال کرتی ہیں۔ اسے انسان کیلئے صحت مند سمجھا جاتا ہے  کیونکہ اس کے اندر  جانوروں میں کینسر سے جڑے خطرات نہیں ہیں۔ اس کے باوجود کیلی فورنیا ریاست نے ستمبر 2023 میں سکولوں میں فروخت ہونے والی مصنوعات میں اس کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید :

تعلیم و صحت -