پاکستان میں پنجابی پہلے، پشتو دوسرے اور سندھی زبان تیسرے نمبر پر
اسلام آ باد (آئی این پی) پاکستان میں سب سے زیادہ بولی جانیوالی زبانوں میں پنجابی پہلے، پشتو دوسرے اور سندھی تیسرے نمبر پر ہے، ملک بھر میں 8 کروڑ 89 لاکھ افراد کی مادری زبان پنجابی اور چار کروڑ 36لاکھ آبادی کی مادری زبان پشتو ہے جبکہ 3کروڑ 44 لاکھ آبادی کی مادری زبان سندھی ہے۔ادارہ شماریات کی جانب سے ملک میں بولی جانے والی مادری زبانوں پر جاری ہونیوالی رپورٹ کے مطابق 2کروڑ 88 لاکھ افراد کی مادری زبان سرائیکی اور 2کروڑ 22لاکھ سے زائد آبادی کی مادری زبان اردو ہے جبکہ ملک میں 81 لاکھ 17ہزار آبادی کی مادری زبان بلوچی ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایاکہ پاکستان میں 55 لاکھ 90 ہزار افرادکی مادری زبان ہندکو، 27 لاکھ 78 ہزار آبادی کی مادری زبان براہوی، 10 لاکھ 39ہزار کی مادری زبان کوہستانی اور دو لاکھ 74ہزار آبادی کی مادری زبان کشمیری ہے۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 16ہزار افراد کی مادری زبان شینا، 52 ہزار 134 افراد کی مادری زبان بلتی اور 7 ہزار 466افرادکی مادری زبان کیلاش ہے جبکہ ملک میں 33لاکھ 37ہزار کی دیگر مادری زبانیں ہیں۔
پنجابی