روس کے بحری جہاز کی جرمن ہیلی کاپٹر پر فائرنگ
برلن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک جرمن ہیلی کاپٹر پر ایک روسی جہاز کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، بالٹک سمندر میں یہ واقعہ روس اور مغرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعات کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔ جرمن پریس ایجنسی کے مطابق بنڈس ویر کا ہیلی کاپٹر ایک جاسوسی مشن پر تھا جب روسی جہاز کے عملے نے مبینہ طور پر سگنل گولہ بارود کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک کی جانب سے نیٹو کے ایک اجلاس میں ذکر کیا گیا تھا، تاہم اس وقت اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ گولہ بارود صرف ہنگامی صورتحال میں استعمال کیا جاتا ہے۔
بویریا کے اخبار میٹل بایریشے زائٹونگ کے مطابق بالٹک سمندر اکثر ان جہازوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے جو یوکرین پر روسی حملے کے بعد عائد پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مذکورہ جہاز ایک قسم کا ٹینکر بتایا جا رہا ہے۔