آئی فون سے اینڈرائیڈ یا اینڈرائیڈ سے آئی فون پر کبھی ایس ایم ایس نہ کریں، ایف بی آئی نے خبردار کردیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایف بی آئی اور سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی ایجنسی (سی آئی ایس اے) نے امریکی عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئی فون اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان ٹیکسٹ میسجز بھیجنے سے گریز کریں اور مکمل طور پر انکرپٹڈ میسجنگ ایپس استعمال کریں۔ یہ مشورہ بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کے بعد دیا گیا ہے، جنہیں چین کی وزارتِ عوامی سلامتی سے منسلک ہیکنگ گروپ "سالٹ ٹائفون" سے جوڑا جا رہا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق اس گروپ کے امریکی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس پر حملوں نے اہم مواصلاتی نظاموں میں کمزوریوں پر تشویش بڑھا دی ہے۔ سی آئی ایس اے کے جیف گرین نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا، "جہاں ممکن ہو انکرپٹڈ کمیونیکیشنز استعمال کریں۔" انہوں نے انکرپشن کو سائبر حملوں کے خلاف پہلی دفاعی لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈیٹا انکرپٹڈ ہو تو اسے پڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔
اگرچہ آئی فونز کے درمیان آئی میسجز کے ذریعے بھیجے گئے میسجز یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان گوگل میسیجز کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات انکرپٹڈ ہوتے ہیں، لیکن دونوں کے درمیان کراس پلیٹ فارم مواصلات اب بھی خطرے میں ہے ۔
روایتی ٹیکسٹنگ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے حکام نے سگنل، واٹس ایپ اور یہاں تک کہ فیس بک میسنجر جیسی مکمل طور پر انکرپٹڈ میسجنگ ایپس استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ یہ پلیٹ فارمز میسجز اور وائس کالز دونوں کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فراہم کرتے ہیں، جو ڈیوائسز کے درمیان مواصلات کو محفوظ رکھتے ہیں۔