والڈ سٹی اتھارٹی نے لوہاری گیٹ کی مرمت و بحالی کا منصوبہ مکمل کر لیا 

    والڈ سٹی اتھارٹی نے لوہاری گیٹ کی مرمت و بحالی کا منصوبہ مکمل کر لیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                                                                                        لاہور(خبر نگار)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے لوہاری گیٹ کی مرمت و بحالی کا  منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ لوہاری گیٹ،  اندرون لاہور کے تیرہ دروازوں میں سے ایک ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 19.08 ملین روپے کی لاگت آئی۔تاریخی حوالوں کے مطابق، اس دروازے کا نام لوہار برادری کے نام پر رکھا گیا تھا، جو لوہے یا سٹیل سے بنی ہوئے مختلف اشیاء  تیار کرتی تھی۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق، لوہاری گیٹ کی بحالی کا مقصد قدیم شہر کے ورثے کو محفوظ رکھنا ہے تاکہ یہ علاقے کی تاریخی اور ثقافتی دریافت کے لئے برقرار رہے۔ڈائریکٹر کنزرویشن نے بحالی کے دوران کیے گئے کاموں کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے منصوبے میں، گیٹ کی سطح کو ہموار کیا گیا ہے۔ دروازے کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا گیا ہے۔ اسی طرح، دروازے کی فریسکو لائننگ کی مرمت کی گئی ہے تاکہ اسے اصلی حالت میں لایا جا سکے۔ گیٹ کے اردگرد فرش کی مرمت بھی کی گئی ہے تاکہ زائرین کو آسان رسائی حاصل ہو۔ دیوار اور چھت کو بھی پختہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر، ڈائریکٹر میڈیا اور مارکیٹنگ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، تانیہ قریشی نے کہا، ہمارے جاری تحفظاتی اقدامات کی مثال اندرون لاہور میں لوہاری گیٹ کی بحالی ہے۔ اس منصوبے کے دوران، ہم نے یقینی بنایا کہ گیٹ کی منفرد کاریگری کو بڑی احتیاط سے بحال کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، کامران لاشاری نے کہا، "لوہاری گیٹ، جو اندرون لاہور کے قدیم ترین اور قابل قدر نشانیوں میں سے ایک ہے، اس کی بحالی شہر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے ہمارے اس عزم کا مظہر ہے۔ لوہاری گیٹ ہمارے ورثے کا ایک اہم حصہ ہے، اور اس کی بحالی اس بات کی گواہی ہے کہ ہم لاہور کی بھرپور تاریخ کی حفاظت کے لئے پرعزم ہیں۔