مالی استحکام کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا،طاہر بخاری

  مالی استحکام کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا،طاہر بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کے مالی اہداف کے جائزے کے لئے،ایوان اوقاف میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مالی استحکام کے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا،موثر”فالو اَپ“  ہی سے اچھے نتائج میسر آئے، اوقاف آرگنائزیشن جس کو گزشتہ عرصے سے ایک مالی بحران کا سامنا تھا، کو حالیہ دور میں میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعے ایک بہترین ادارے کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اوقاف آرگنائزیشن تعمیر و ترقی کی طرف گامزن ہے، اوقاف ملازمین کی ویلفیئر، اتحاد بین المسلمین کا فروغ، کمرشل پالیسی کا اجراء، کیش بکس انکم کی بہتر مانیٹرنگ جیسے اقدامات سے اوقاف ترقی کی راہ پہ گامزن ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس اوقاف خالد محمود سندھ،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانسطاہر احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن  آصف اعجاز،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس جہانگیر علی اور اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر بجٹ گلزار احمد سمیت دیگرآفیسران نے شرکت کی۔ 

سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ مالی سال2023-24میں موثر حکمت عملی کے تحت وقف املاک کے پٹہ جات / ٹھیکہ جات کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور محکمہ کے مالی حالات پہلے سے مستحکم ہوئے ہیں۔محکمہ کی آمدن میں حوصلہ افزا پہلودوکانات اور مکانات کے کرایہ کی ہر ماہ وصولی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی اراضیات کی ”جیو میپنگ“ کے ذریعے زمین کی قسم(نہری، دریائی، بنجر و غیرہ)کو مد نظر رکھتے ہوئے ریٹ متعین کرنے اور صدر دفتر کی سطح پر مانیٹرنگ جیسے اقدامات شامل ہیں، جس کی وجہ سے پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کو مالی تقویت ملی اور تنخواہ، پنشن اور وقف املاک کی دیکھ بھال کے لئے ناگزیر اخراجات کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جو کہ لائق تحسین ہے۔ اجلاس میں اوقاف کے فنانس ونگ نے مالی سال  2024-25ء کی آمدن، افتتاحی بیلنس،اخراجات جاریہ کاتخمینہ اور نیو انویسٹمنٹ سمیت دیگر امورپر تفصیلی بریفنگ پیش کی، جس پرسیکرٹری اوقاف نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے مفصل سفارشات مرتب کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔