ملتان ٹیسٹ، بیٹنگ میں پاکستان کے فلاپ شو کے بعد دوسری اننگز میں 36سکور پر انگلینڈ کے دو کھلاڑی آؤٹ
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان کے 297رنز کے جواب میں انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 36رنز بنا لیے ۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ بغیرکوئی سکور بنائے ساجدخان کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ زیک کرالی 3سکور بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 297 رنز درکار ہیں۔ملتان کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 239 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 248 رنز پر ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر پویلین لوٹا دیا اور اننگز میں اپنا پانچواں شکار کیا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز سکور کیے۔جیمی سمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی کے حصے میں آئیں۔ ساجد خان نے پہلی اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور 9 کے مجموعے پر عبد اللہ شفیق صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود بھی 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کو ثاقب بشیر نے آؤٹ کیا۔صائم ایوب پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری سکورر کامران غلام 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی 23 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ان کے بعد صرف سلمان علی آغاز نے مزاحمت کی تاہم وہ بھی 63 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 296 رنز کی سبقت حاصل ہے، یوں انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز درکار ہیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کامران غلام کی سنچری کی بدولت 366 رنز سکور کیے تھے جبکہ انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، مہمان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔