جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے،اڈیالہ جیل میں  بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہم کرنے  کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ 

جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے،اڈیالہ جیل میں  بانی پی ...
جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے،اڈیالہ جیل میں  بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہم کرنے  کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر کی سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے،وفاقی حکومت جیل کی سکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہے،اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سکیورٹی بڑھائیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی،وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کر ا دیا گیا،درخواست گزار کے وکیل کو وزارت داخلہ کے جواب کی کاپی فراہم کردی گئی،عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ کے جواب کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا،عدالت نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر کی سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ وفاقی حکومت جیل کی سکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہے،اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سکیورٹی بڑھائیں،درخواست گزار کو اگر مزید خدشات ہیں متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہےعدالت نے بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جواب میں کہا گیا ہے سکیورٹی فراہمی حکومت کی  ذمے داری ہے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہمار اموقف ہے بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی بڑھائی جائے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ سرحد پار سے دھمکیوں کا معاملہ ہے اس لئے سنجیدہ لیا جائے،اتنی اچھی ایجنسیاں ہیں ان کو پتہ ہوتا ہے ، کون ہے کہاں سے آ رہا ہے اور کب حملہ کررہا ہے بہت اچھی بات ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو فل پروف سکیورٹی انتظامات کاکہا ہے،عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت ایسے جان نہیں چھڑا سکتی باہر سے حملے کا خطرہ ہے تو وفاق ہی یہ معاملہ دیکھے گا،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ ہم نے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے جواب طلب کیاتھا۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی لیگل ٹیم کو چاہئے صحیح جگہ جا کر درخواست دائر کریں،آپ لوگ یہاں کہہ کر چلے جاتے ہیں پھر باتیں ہوتی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جارہا ہے،ہمیں قانون کے مطابق معاملات کو دیکھنا ہوتا ہے بانی پی ٹی آئی ہوں یا نوازشریف،کل کو آپ کہہ دیں گے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے یہاں منتقل کیا جائے۔