درخت پر شکار کیا گیا ریچھ اوپر گرنے سے شکاری کی موت ہوگئی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست ورجینیا میں ایک شخص اس وقت ہلاک ہو گیا جب ایک درخت پر موجود ریچھ، جسے اس کے شکاری ساتھیوں میں سے ایک نے گولی ماری تھی، اس پر گر پڑا۔
سی این این نے خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ 9 دسمبر کو لوننبرگ کاؤنٹی میں پیش آیا، جو رچمنڈ اور ڈینویل کے درمیان واقع ہے۔ وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ ایک شکاری گروپ ریچھ کا پیچھا کر رہا تھا لیکن وہ درخت پر چڑھ گیا۔ جب گروپ درخت سے پیچھے ہٹ رہا تھا تو ایک شکاری نے ریچھ کو گولی مار دی۔ جانور ایک اور شکاری پر گر پڑا، جو درخت کے نیچے سے تقریباً 10 فٹ کے فاصلے پر کھڑا تھا۔
محکمے نے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 58 سالہ لیسٹر سی ہاروی کے نام سے کی ہے۔ گروپ کے ایک رکن نے ہاروی کو دو مختلف ہسپتالوں میں لے جانے سے پہلے فرسٹ ایڈ دی۔ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ وہ جمعہ کو اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ہاروی پانچ بچوں کے باپ اور آٹھ نواسوں کے نانا تھے۔
حالیہ سالوں میں اس قسم کے متعدد حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔ سنہ 2018 میں الاسکا میں ایک شخص اس وقت شدید زخمی ہو گیا جب اس کے شکاری ساتھی نے پہاڑی پر موجود ایک ریچھ کو گولی مار دی۔ ریچھ ایک ڈھلوان سے نیچے لڑھکا تو ساتھ ہی کچھ پتھر بھی نیچے آئے جن کی زد میں آکر شکاری زخمی ہوگیا۔
ایک اور شخص 2019 میں اس وقت زخمی ہو گیا جب شمالی کیرولائنا میں اس کے شکاری ساتھی نے ایک درخت پر ایک ریچھ کو گولی مار دی۔ ریچھ درخت سے نیچے گر پڑا اور شکاری کو کاٹنے لگا۔ اس کے بعد وہ شخص اور جانور ایک چٹان سے نیچے گر گئے۔ شکاری کو ہسپتال لے جایا گیا، جبکہ ریچھ بعد میں مردہ پایا گیا۔