آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی ، بابر اعظم کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں رینکنگ مزید بہتر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے سٹار بیٹر بابر اعظم کی ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں بہتری آگئی، انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20 فارمیٹ کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم دسمبر 2023 سے ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بھارتی کھلاڑی روہت شرما، شُبمن گِل اور ویرات کوہلی کی بدستور دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔
ون ڈے باؤلرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلے، قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دوسرے، جنوبی افریقہ کے کیشیو مہاراج تیسرے اور بھارت کے کلدیب یادو چوتھے پر موجود ہیں جبکہ نمیبیا کے برنارڈ شولٹز پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی بیٹرز رینکنگ میں انگلش بیٹسمین جو روٹ پہلے نمبر پر آگئے ہیں، انہوں نے ایک درجے ترقی پانے کے بعد اپنے ہم وطن ہیری بروک کو پیچھے چھوڑا، ہیری بروک دوسرے اور کیوی اسٹار کین ولیمسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد 17 ویں نمبر پر آگئے ہیں، اس کے علاوہ سعود شکیل رینکنگ میں دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ باؤلرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ کا پہلا اور ٹاپ ٹین میں موجود پاکستان کے واحد بولر نعمان علی کا دسواں نمبر ہے۔ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بابراعظم ایک درجے ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آگئے، محمد رضوان دو درجے تنزلی ہونے کے بعد آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں ویسٹ انڈیر کے لیفٹ آرم اسپنر عقیل حیسن تین درجے ترقی کے بعد پہلے نمبر پر آگئے ہیں، انگلش لیگ اسپنر عادل راشد اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا ایک ایک درجے تنزلی کے بعد بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔