بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا معاملہ ، جیل اصلاحاتی کمیٹی کی رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) کی جیل اصلاحاتی کمیٹی کی رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
خط کے متن کے مطابق اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی تک ہمیں رسائی دینے سے انکار کردیا۔ جیل اصلاحاتی کی ذیلی کمیٹی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل اور عملہ ہمارے ساتھ موجود رہے۔ اڈیالہ ان جیلوں میں سے ایک ہے، جس میں گزشتہ 2 سال میں بہت سے سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، ان قیدیوں میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم بھی شامل ہیں۔
"جنگ " کے مطابق خدیجہ شاہ کے خط کے متن کے مطابق سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں ان کی رائے حاصل کرنا ضروری تھا، ڈی آئی جی جیل خانہ جات سے درخواست کے باوجود ہمیں بانی سے ملاقات کی رسائی تک نہیں دی گئی۔درخواست ہے قیدیوں کی اصلاحی ذیلی کمیٹی کے لیے ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے دورے کے احکامات دیئے جائیں۔ سابق وزیراعظم کی رائے جانے بغیر جیل اصلا حاتی کمیٹی سپریم کورٹ کو اپنی رائے نہیں دے سکتی۔