پاک ترک دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے،شہباز شریف

پاک ترک دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اسلام آبادمیں ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوگلو سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ترک تعلقات کومزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تہذیبی ، ثقافتی ، تاریخی او ربرادرانہ تعلقات قائم ہیں۔پاکستان اور ترکی کی باہمی دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل رہی ہے۔پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی روایات کے حامل دوستانہ تعلقات نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ترکی پاکستان کا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہاہے۔سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت ترک حکومت اورعوام نے ہمیشہ اپنے پاکستانیوں بھائیوں کا بھر پور ساتھ دیاہے۔ متعدد ترک کمپنیاں پنجاب حکومت کے سا تھ مل کر مختلف شعبوں میں کام کررہی ہیں۔صوبائی دارالحکومت میں میٹروبس کا شاندار منصوبہ پاک ترک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی قیادت ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے مابین معاشی ،تجارتی اور سماجی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ ترکی کی موجودہ قیادت اور حکومت کے دوران ترکی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہواہے۔ترکی دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اور ترکی کی ترقی ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان او ر ترقی کے عوام بھائی چارے ،محبت اور دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔ وزیراعظم ترکی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔پاکستانی عوام زلزلے اور سیلاب کے دوران اپنے ترک بھائیوں کی محبت اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ طیب اردگان ہسپتال ترک عوا م او رحکومت کا پاکستانیوں کے لئے شاندار تحفہ ہے۔ترک وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ترکی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتاہے ۔پاک ترک دوستی کے فروغ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کردار لائق تحسین ہے ۔ ترکی او رپاکستان ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن(GAVI) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیووخسرہ کی بیماریوں اوردیگرمتعدی امراض کی امیونائزیشن کے حوالے سے مربوط انداز میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام پر عمل کررہی ہے ۔ہیلتھ سیکٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت صحت عامہ کے شعبہ میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔پنجاب حکومت نے پولیو او رخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جبکہ روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے بھی بھر پور کام کیا جارہا ہے اورمتعلقہ محکمے اس ضمن میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طورپر ہیلتھ سیکٹر کی بہتری، خصوصاً پولیو وخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے جاری پیشرفت کا خودجائزہ لیتا ہوں او رپنجاب حکومت کے اقدامات کے باعث پولیو وخسرہ پر قابوپانے میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر میں مقررہ کردہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ڈینگی کی وباء کے دوران اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے چندبرس قبل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈینگی جیسے موذی مرض کی وباء پر قابو پایا ،انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں ، ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس ، نرسوں،افسران اور معاشرے کے ہر طبقے نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس چیلنج کا مقابلہ کیا اورایک برس میں ڈینگی کو شکست دے کر عزم وہمت کی ایک شاندارمثال قائم کی او رانشاء اﷲاب بھی شعبہ صحت میں مقررکردہ اہداف کے حصول کے لئے اسی محنت سے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے اور ویکسی نیٹر ز کی کارکردگی کواین رائیڈ فونز کے ذریعے مانٹیر کیا جاتا ہے ۔ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اورمیں سمجھتا ہوں کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ویکسنیشن کے پروگرام کو مزید موثر بنایاجا سکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجا ب حکومت نے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کئیر کا پروگرام بھی شروع کیاہے جبکہ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن اور دیگر اداروں کی جانب سے پولیو ،خسرہ کے خاتمے اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آنے والے وقت میں اس ضمن میں مزید مربوط انداز میں اقدامات کئے جائیں گے۔اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (GAVI) ڈاکٹر سیٹھ برکلے نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری خصوصاً پولیووخسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ پنجاب میں اس حوالے سے بہت بہتر کام ہورہاہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی لیڈر شپ ہے۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے پنجاب حکومت نے وقت کے تقاضوں کے مطابق اقدام اٹھایاہے اور ایسے منفرد اقدام سے بہتری آئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ وفد میں شامل دیگر عہدیداران نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈینگی کی وباء پر زبردست انداز میں کام کرتے ہوئے قابو پایا تھا او راب بھی وہ پولیوو خسرہ اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن،مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،چیف سیکرٹری،پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشااورمتعلقہ سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔GAVIکی منیجنگ ڈائریکٹر کنٹری پروگرامز ہنڈخطب اوٹمین،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر جین میری ،ڈاکٹر نادیہ کے علاوہ یونیسف،اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور دیگر عالمی اداروں کے عہدیداران وفد میں شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں ونسنٹ پال میڈ کی سربراہی میں عالمی بینک کے مشن نے ملاقات کی ۔صوبہ پنجاب میں ادارہ جاتی اصلاحات ،معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے، وسائل میں اضافے اور گورننس کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو تیزرفتار سہولتوں کی فراہمی کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات ضروری ہیں۔ پنجاب حکومت تعلیم، صحت،سکل ڈویلپمنٹ ، اربن ڈویلپمنٹ اوردیگر شعبوں میں بنیادی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ صنعت، زراعت اورلائیوسٹاک کے شعبوں میں ترقی کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ عالمی بینک کے تعاون سے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کامیابی سے آگے بڑھایا جا ر ہاہے۔مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے عالمی بینک کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع ا لرحمن، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری ،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام کے علاوہ عالمی بینک کے مشن کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے لہذا پولیس صوبے میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے اور امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ مساجد،امام بارگاہوں ،عبادت گاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اورشرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے کہاکہ بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں پولیس کی ذمہ داریوں کی جہتیں بھی بدل گئی ہیں ۔اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیرداخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ،صوبائی وزیر قانون مجتبیٰ شجاع الرحمان،اراکین اسمبلی رانا ثناء اللہ، سید زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ سیکرٹریزاور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -