کراچی میں نزلہ کھانسی کے 30 فیصد مریضوں کا کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں نزلہ کھانسی کے 30 فیصد مریض کورونا وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں۔ماہر متعدی امراض ڈاؤ ہسپتال پروفیسرسعید خان کے مطابق شہر میں بڑی تعداد میں لوگ نزلہ، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہورہے ہیں جب کہ ٹیسٹ کروانے پر 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آرہا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق انہوں نے بتایا کہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 جب کہ 5 سے 10 فیصد بچوں میں سانس کی نالی کے انفیکشن کی تصدیق ہورہی ہے۔ پروفیسر سعید خان کے مطابق کورونا، انفلوئنزا ایچ 1 این 1 اور سردیوں کے دیگر وائرل انفیکشن کی علامات ملتی جلتی ہیں، اکثر مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے جس کے باعث بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوتی۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نظام شیخ نے بتایا کہ سول ہسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 200 مریض اور جناح ہسپتال میں وائرل انفیکشن کے یومیہ 150 سے 200 مریض آرہے ہیں۔دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں فی الوقت کورونا کے ٹیسٹ کی سہولیات نہیں ہیں اور کورونا وبا کے بعد لوگوں نے ٹیسٹ کروانا چھوڑ دیے تھے۔
طبی ماہرین نے وائرل انفیکشن اور دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ماسک پہننے اور خود کو ڈھانپ کر رکھنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ ہر سال انفلوئنزا کی ویکسین لازمی لگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔