سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم گرفتار لیکن پکڑا کہاں سے گیا اور پہلے والے ملزم کا کیا بنا؟
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ان کے ممبئی کے گھر میں چاقو سے حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کو ریاست چھتیس گڑھ کے درگ ریلوے سٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔اداکار کو ایک نامعلوم شخص نے ان کے باندرہ میں واقع گھر میں گھس کر چھ مرتبہ چاقو مارا، جس سے ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب گہرے زخم آئے۔
پولیس کے مطابق 31 سالہ مشتبہ ملزم آکاش کیلش کنوجیہ کو درگ ریلوے سٹیشن پر ممبئی ہوڑہ جنیشوری ایکسپریس سے اترتے وقت ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے حراست میں لیا۔ ممبئی پولیس نے مشتبہ شخص کی تصویر، ٹرین نمبر اور لوکیشن فراہم کی تھی جس کی بنیاد پر آر پی ایف نے فوری کارروائی کی۔ مشتبہ شخص کی ویڈیو کال کے ذریعے ممبئی پولیس کے افسران سے بات کروائی گئی ۔ تصدیق کے لیے ممبئی پولیس کی ٹیم درگ روانہ ہوچکی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس سے قبل ایک بڑھئی وارث علی سلمان کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ دو دن قبل سیف علی خان کے گھر کام کر چکا تھا۔ تاہم تفتیش کے بعد یہ واضح ہوا کہ وہ اس واقعے میں ملوث نہیں تھا ۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 30 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیر مملکت برائے داخلہ (اربن) یوگیش قدم نے بتایا کہ اس واقعے میں ڈکیتی کے ارادے کے علاوہ کسی انڈرورلڈ گینگ کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔