بانی پی ٹی آئی جیل سے کیسے باہر آسکتے ہیں۔۔؟ طارق فضل چودھری نے بتا دیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔بانی پی ٹی آئی جیل سے ضمانت پر ہی باہر آسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ غیر مبہم ہے۔بانی پی ٹی آئی کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن پر سزا ہوئی ہے، یہ کیس اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس ہے۔پہلے بھی کہا تھا عدالتی معاملات مذاکرات سے منسلک نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے مؤقف کو بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے، فیصلہ سنانے میں تاخیر تکنیکی بنیادوں پر ہوئی، کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے تھے، بانی پی ٹی آئی جیل سے ضمانت پر ہی باہر آسکتے ہیں۔
"ایکسپریس نیوز " کے مطابق طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ میں 70 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، شہزاد اکبر نے بھی پیسے لیے، برطانیہ کی کرائم ایجنسی کے ذریعے حکومت پاکستان کو پیسے دیئے گئے، القادر ٹرسٹ کیس میں منی لانڈرنگ کو پکڑا گیا، بانی پی ٹی آئی نے کابینہ میں بند لفافے کی منظوری دی، القادر ٹرسٹ کیس میں جرمانے کی رقم کو ذاتی حیثیت میں استعمال کیا گیا، اس کیس میں شہزاد اکبر نے ککس بیکس لیں اور 450 کینال زمین پر ٹرسٹ بنا کر بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو ٹرسٹی بنایا گیا۔
فضل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بار بار جھوٹ بولا گیا، بانی پی ٹی نے عدم اعتماد سے بچنے کیلیے سائفر کا ڈرامہ کیا، پوری قوم کو سائفر کی پوری کہانی معلوم ہے، بانی پی ٹی آئی نے قوم سے جھوٹ بولا، جذباتی قوم نے گاڑیوں کے پیچھے لکھا کہ ہم کوئی غلام ہیں ہم کوئی غلام ہیں کا نعرہ اچھا تھا، آج پی ٹی آئی امریکہ کی جانب دیکھ رہی ہے، ہم کوئی غلام ہیں کا مطلب امریکہ بانی پی ٹی آئی کو قید سے نجات دلائے اور پھر میں قوم کو امریکہ کی غلامی سے میں نجات دلاؤں گا۔
مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ڈی چوک میں 278 لاشوں کا شور مچانے کے بعد 12 لاشوں کی بات کی گئی، پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سے لڑنے کے بجائے ریاست سے لڑ رہی ہے، ہم واحد اسلامی ملک ہیں جو ایٹمی طاقت ہیں، ہمیں کئی ممالک پابندیوں میں جکڑنا چاہتے ہیں، ہمیں دست بدست طاقت سے کوئی نہیں ہرا سکتا، ریاستی اداروں کے خلاف ملک کے اندر اور باہر سازشیں ہو رہی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ جانے انجانے میں پاکستان مخالف سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں، پی ٹی آئی کو سوچنا چاہیے کہ ان کے کارنامے ملک کو فائدے کے بجائے نقصان دیں گے۔
طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سڑکیں گرما کر دیکھ لیں اب پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے حکومت اپنی مرضی سے مذاکرات کر رہی ہے اور ہم اسے نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں ۔