کیڈیٹ کالج مہمند کے 2بیج مکمل، تیسرے بیج کے داخلے حتمی مراحل میں داخل
مہمند( ویب ڈیسک)سال 2018 میں آئین کی پچیسویں ترمیم کے تحت حکومت پاکستان نے سابقہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو اضلاع کا درجہ دے دیاگیا، حکومت پاکستان نے ان اضلاع کے لئے خصوصی فنڈز بھی جاری کئے تاکہ ان اضلاع میں ترقیاتی کام کو وسیع پیمانے پر شروع کیا جا سکے. اسکے ساتھ ساتھ عوام کو صحت, روزگار اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے. قبائلی اضلاع باجوڑ, مہمند اور خیبر میں حکومت پاکستان اور فرنٹیئر کور نارتھ نے بڑے پیمانے پر تعلیمی اداروں کی تعمیر مکمل کی.
فرنٹیئر کور نارتھ نے باقی قبائلی اضلاع کی طرح ضلع مہمند میں کیڈیٹ کالج کے قیام کے لئے اہم اقدامات کئے اور نومبر 2020 میں کیڈیٹ کالج مہمند کی تعمیر مکمل کی جس کا افتتاح وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کیا. کیڈٹ کالج مہمند میں باجوڑ، مہمند، خیبر اور دیگر قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو تجربہ کار اور ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی معیاری تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ کیڈٹ کالج مہمند میں کیڈٹس کے 2 بیج مکمل ہو چکے ہیں اور پاس آؤٹ ہونے والے طلباء پاکستان کے نامور کالجز میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں.
مئی 2022 میں تیسرے بیچ کے لیے کیڈٹ کالج مہمند میں جاری داخلوں کے تمام مراحل مکمل کئے جا چکے ہیں. جس میں قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند اور خیبر سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں سے 94 طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں. کیڈٹ کالج مہمند ضلع میں قائم اہم درسگاہ ہے جس میں قبائلی اضلاع کے بچے اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں.