محکمہ محنت کے زیر اہتمام ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں آگہی پروگرام کا انعقاد

محکمہ محنت کے زیر اہتمام ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں آگہی پروگرام کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ محنت خیبرپختونخوا نے جمعرات کے روز حیات آباد پشاور میں محنت کشوں کے لئے ڈینگی بخار سے بچنے کے سلسلے میں ایک آگہی پروگرام کا انعقاد کیا پروگرام میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور مزدوروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پرمحکمہ محنت کے آفیسر غیاث الدین نے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ، موجودہ صورتحال احتیاطی تدابیر اور علاج معالجہ سے متعلق شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر پوری توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے شرکا سے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں آگہی مہم چلانے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اپنے دوست واحباب کوبھی آگاہ کرنا چاہیے تاکہ حفاظتی اقدامات کی بدولت خود بھی اور دوسروں کو بھی اس بیماری سے محفوظ رکھ سکیں۔ اس موقع پر شرکاء نے ڈینگی سے بچاؤ پروگرام کے انعقاد کو محکمہ محنت کا ایک مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے ڈائریکٹر لیبر عرفان اللہ خان اور غیاث الدین کا شکریہ ادا کیا اور خواہش ظاہر کی کہ اس طرح کے آگہی پروگرام صوبے میں جاری رکھے جائیں۔