آج کے دور میں لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں،امتیاز فاران
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عالمی یوم ذہنی صحت کے دن کے حوالے سے سندھ بوائے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے اس موقع پر کہا کہ عالمی یوم ذہنی صحت کا دن منانے کا مقصد ذہنی امراض کے حوالے سے لوگوں میں شعور پیدا کرنا ہے۔ آج کے دور میں لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔ جس کی وجوہات معاشی روزگار کا نہ ہونا ٗمہنگائی سے لوگوں کا بجٹ آؤٹ ہورہا ہے جس سے وہ سخت ذہنی الجھن ٗ احساس کمتری اور ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔لہذا میری حکومت سے استدعا ہے کہ ان مسائل کو حکومتی سطح پر ترجیح بنیاد پر حل کیا جائے۔اس موقع پر معروف ماہر نفسیات اور ڈائریکٹر فاران مرکز ذہنی صحت کے پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کا کہنا تھا کہ اس سال عالمی یوم ذہنی صحت کو خود کشی کے حوالے سے آگہی پیدا کرنے کے لئے منسوب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمیر نے خودکشی کی بڑھتی ہوئی وجوہات بیان کیں اور اس کی روک تھام کے لئے کمیونٹی لیول پر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ آخر میں پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق نے مہمانوں و دیگر ڈاکٹرزکی آمد کا شکریہ ادا کیا۔