کل کا ضمنی انتخاب اس امر کا ثبوت ہے لاڑکانہ بھٹو کا گڑھ نہیں رہا،فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل کا ضمنی انتخاب اس امر کا ثبوت ہے کہ لاڑکانہ بھٹو کا گڑھ نہیں رہا۔دھاندلی کا رونا رونے والوں کا بیانیہ پنکچر ہو گیا۔
معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کل کا ضمنی انتخاب اس امر کا ثبوت ہے کہ لاڑکانہ بھٹو کا گڑھ نہیں رہا۔دھاندلی کا رونا رونے والوں کا بیانیہ پنکچر ہو گیا۔لاڑکانہ میں ہونے والی شکست ان کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔یہ ضمنی انتخاب نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والوں کےلئے نشان عبرت ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے مسکن لاڑکانہ میں تبدیلی آ گئی ہے۔تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جی ڈے اے کے امیدوار معظم عباسی کی کامیابی جعلی اکاؤنٹس پارٹی کےخلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے،انہوں نے کہا کہ کرپشن سے ناطے کے باعث پی پی پی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ بلاول صاحب ! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کر دیا۔ امید ہے کہ آپ اپنی زیر سرپرستی اور وزیراعلی کی زیر نگرانی ہونے والے اس انتخاب کو جعلی قرار نہیں دیں گے۔