عمران خان کے لاپتہ سابق چیف سکیورٹی آفیسر گھر پہنچ گئے، آزادانہ تحقیقات کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لاپتہ سابق چیف سکیورٹی آفیسر عمر سلطان گھر پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لاپتہ سابق چیف سکیورٹی آفیسر عمر سلطان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، جس میں وکیل فیاض کنڈوال نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمر سلطان واپس گھر پہنچ گئے ہیں۔
وکیل کے مطابق عمر سلطان واپس آ گئے ہیں، انہیں عدالت میں بھی پیش کرتے لیکن ان کی طبیعت صحیح نہیں تھی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شہری واپس آگیا ہے، اب آپ کیا چاہتے ہیں؟، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہم چاہتے ہیں آزادانہ تحقیقات ہوجائے، ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے عمر سلطان کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا۔