بے وفا بیوی نے شوہر کے سر میں گولی مار دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کے علاقے سلطان آباد کی رہائشی ملزمہ نازیہ نے ناجائز تعلقات کا بھانڈا پھوٹنے پر شوہر شمروز کو سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔ بعد ازاں پولیس انویسٹی گیشن حکام نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کی جانے والی تفتیش میں مقتول کی اہلیہ اور آشنا جہانزیب کو گرفتارکرلیا۔ 28 اگست کی صبح ڈاکس کے علاقے سلطان آباد نیو حاجی کیمپ مکان نمبر D/430 مکوڑہ گلی میں قائم گھر سے 45 سالہ شمروز ولد فیروز کی لاش ملی تھی جسے سر پر گولی مار کرقتل کیا گیا تھا۔
روز نامہ امت کے مطابق پولیس نے اس واقعہ کو ابتدائی تفتیش میں ذاتی دشمنی قرار دیا لیکن مقتول کے بھائی غنی نے اپنی بھابی پر شک و شبہات ظاہر کیے تھے۔ پولیس نے غنی ستان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ 458/2024 بجرم دفعات 302/34 درج کرلیا جس نے مقدمے میں اپنی بھابی نازیہ کو تین نامعلوم ملزمان سمیت نامزد کرایا تھا۔
مقدمہ مدعی کے شک ظاہر کرنے پر مقتول کی اہلیہ نازیہ کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ اس حوالے سے شعبہ انویسٹی گیشن کے انچارج انسپکٹر ادریس بنگش نے مختلف پہلووں سے تفتیش کا آغاز کیا تو قتل میں نازیہ ملوث پائی گئی۔ پولیس نے ملزمہ کے موبائل فون نمبر کی سی ڈی آر اور لوکیشن اور مدعی مقدمہ کے شبہ پر پڑوس میں رہائش پذیر جہانزیب کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا۔ جس نے شروع میں پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم جب پولیس نے جہانزیب سے اپنے روایتی انداز میں تفتیش کی تو اس نے اصل حقائق اگل دیئے۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ”میرے اور مقتول کی اہلیہ نازیہ کے تعلقات تھے اور ہم دونوں رابطے میں تھے۔ اکثر و بیشتر ہمارے درمیان کالز پر بھی رابطہ رہتا تھا۔ مقتول نے فون پر نازیہ کو مجھ سے کال پر بات کرتے ہوئے دیکھا تھا جس پر شمروز نے نازیہ کو مجھ سے رابطہ کرنے سے منع کیا۔ نازیہ اور میرے درمیان کئی دنوں تک رابطہ تھا جس پر نازیہ نے مجھ سے کہا کہ شمروز کواپنے راستے سے ہٹانا ہے۔ نازیہ نے 28 اگست کو اپنے بچوں کی موجود گی میں اپنے شوہر کو گولی مارکر قتل کردیا تھا“۔
تفتیشی افسر ادریس بنگش نے مزید بتایا کہ ملزمہ نازیہ نے دوران تفتیش بتایا کہ اس کے شوہر کو جہانزیب نے گولی مار کر قتل کیا ہے جبکہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے ا?ئی کہ مقتول کو اس کی اہلیہ نے اپنے بچوں کے سامنے گولی مار کر قتل کیا۔
تفتیش میں مزید پتا چلا کہ ملزم جہانزیب نے نازیہ کو پستول فراہم کیا تھا۔ ملزمہ نازیہ اور ملزم جہانزیب کال پر مستقل رابطے میں تھے۔ پولیس نے آلہ قتل برآمدکرلیا ۔ مقتول شمروز دو بچوں کا باپ تھا اور نجی سکیورٹی کمپنی میں بطور گارڈ ملازمت کرتا تھا۔ تاہم ان دنوں بیماری کے باعث بیروزگار تھا اور زیادہ تر گھر پر ہی رہتا تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ، کرک سے تھا۔ پولیس نے ملزمہ نازیہ اور جہانزیب کو شواہد سمیت عدالت میں پیش کے روبرو پیش کردیا، جنہیں عدالت نے جیل بھیج دیا ہے اور واقعے کی مزید جانچ کا عمل جاری ہے۔