جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی تعاون کے وفد کا پی ڈی ایم اے پنجاب کا دورہ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی تعاون کے وفد نے پی ڈی ایم اے پنجاب کا دورہ کیا۔ اڈیپٹو سوشل پروٹیکشن پروجیکٹ کی ہیڈ جوہانہ کونز نے وفد کی صدارت کی۔ پنجاب میں ڈیزاسٹر رسک رڈکشن، موسمیاتی تبدیلیوں اور نقصانات کےبارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے وفد کو پی ڈی ایم کی ورکنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وفد کو فلڈ سمولیشن ماڈل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ صوبائی کنٹرول روم میں تمام اضلاع کیساتھ 24 گھنٹے رابطے کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ سیلاب، ڈینگی، قحط سالی سموگ اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم الرٹ ہے۔ ہیٹ ویو بارش فلڈ اور دیگر آفات بارے پیشگی وارننگز اور انتظامیہ کو الرٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ رواں سال معمول سے زیادہ مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئی۔ ارلی وارننگ سسٹم ڈی سلٹنگ اور پیشگی انتظامات کے باعث نکاسیٔ آب کو کم ترین وقت میں یقینی بنایا گیا۔ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزرے۔ حکومت پنجاب کے پیشگی انتظامات کے باعث شہریوں کو بروقت ریسکیو کیا گیا۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں غیر یقینی اضافہ ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔
وفد پی ڈی ایم اے سمولیشن ماڈل اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹم سے متاثر ہوا۔ وفد کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے بچنے کے لئے پی ڈی ایم اے کو تمام تر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔