پنک سالٹ کی برآمد بڑھانے کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے: وزیر معدنیات
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر معدنیات پنجاب شیر علی گورچانی کی زیر صدارت محکمہ معدنیات میں اہم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر معدنیات نے کہا کہ پنک سالٹ کی برآمد بڑھانے کے لئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے۔ ہم وفاقی حکومت سے پنجاب میں پیدا ہونے والے خام نمک کی برآمد پر پابندی کے لیے درخواست کریں گے۔ پنک سالٹ کی برآمد کو بڑھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد پنک راک سالٹ پالیسی، 2024 کا مسودہ منظوری کیلئے وزیر اعلٰی پنجاب کو پیش کیا جائے گا۔ پی ایس آئی سی کے تعاون سے نمک کی رینج میں پروسیسنگ زون کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ وزیر اعلٰی پنجاب کے وژن کے مطابق پنک سالٹ کے ایکسپورٹرز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔ پنک سالٹ کو ضائع ہونے سے بچانا وزیر اعلٰی کی ترجیح ہے۔ اس حوالے سے پنک سالٹ کی پلاننگ، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ ایکسپورٹرز کو رعایتی نرخوں پر اراضی کی فراہمی کی جائے گی۔ بنیادی ڈھانچہ کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی، رعایتی قرض فراہم کیے جائیں گے۔ منافع میں شیئرنگ ماڈل کو اپنانے کی آپشن پر بھی غور کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال، ڈی جی معدنیات منصور احمد، ایم ڈی پی ایس آئی سی سارہ عمر و دیگر بھی موجود تھے۔