سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ جاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ جاری کردی گئی،نیب نے نوازشریف کی ملکیت زرعی زمین ،مختلف کمپنیوں میں شیئرز اور گاڑیوں کو قرق کردیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل کیخلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے میر شکیل پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 28 جنوری کی تاریخ مقرر کردی۔
نیب تفتیشی افسر عابد حسین نے میر شکیل کے شریک ملزم نواز شریف کی جائیداد قرقی کی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی حکم کی تعمیل میں نواز شریف کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں قرق کر لی ہیں، اس سے متعلق محکموں کی رپورٹ بھی منسلک کر دی ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاہے کہ نوازشریف کے حدیبیہ پیپر سمیت 3مختلف کمپنیوں میں 8لاکھ 82ہزار سے زائد شیئرز ہیں ،نوازشریف کی لاہور مختلف موضع جات میں 1547کنال زرعی اراضی ہے،شیخوپورہ کے دو موضع جات میں نوازشریف کی 102کنال سے زائد زرعی اراضی ہے ۔
نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی ملکیت میں 4 بیش قیمت گاڑیاں ہیں ،لینڈ کروزر،مرسیڈز،سمیت 2 ٹریکٹر بھی نوازشریف کے اثاثوں میں شامل ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر شریک ملزم ہمایوں فیض رسول کو بھی طلب کر لیا۔ نیب ریفرنس میں میر شکیل، نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد کو مجرم قرار دیا گیا ہے جبکہ طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر حارث قریشی پیش ہوئے اور بتایا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلی نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ہی علاقے میں ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کئے جو کہ ایگزمپشن پالیسی 1986 کی خلاف ورزی ہے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کر لیں اور اپنا جرم چھپانے کیلئے پلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروائے۔