پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے میدان لگالیا

پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے میدان لگالیا
پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے میدان لگالیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے میدان لگالیا، کشمیر چوک سے قافلے رواں دواں ہیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
 پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، کنٹرول روم میں امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، تمام اہم عمارتوں کی سکیورٹی کےلئے پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کر دیئے گئے۔
 1800 سے زائد پولیس جوان سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں، 5 ایس پی، 10 ڈی ایس پیز بھی امن و امان کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، سیکیورٹی صورتحال اور امن و امان کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز کر رہے ہیں،سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے ریڈ زون کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، احتجاج اور ریلی کے شرکا اپنی گاڑیاں کنونشن سینٹر کی پارکنگ میں کھڑی کریں گے اور پیدل الیکشن کمیشن آئیں گے، ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ریلی کے شرکا کی طرف سے قانون شکنی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار ہے جس کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔
اپنی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے التوا کا شکار ہے، حکومت درخواستیں دے کر اس کیس میں تاخیر کر رہی ہے جس کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے اپنے اثاثے چھپائے ہیں، ہم بڑے محتاط لب و لہجے میں آئین اور قانون کے دائرے میں بات کر رہے ہیں، اگر حکومت رکاوٹیں نہ ہٹاتی تو ہم کنٹینر اٹھا کر الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے پہنچتے۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے آج فارن فنڈنگ کیس میں التوا کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کا احتجاج کیلئے نکلنے سے پہلے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ میڈیا کو بریفنگ دینے کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں کے رہنما مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں الیکشن کمیشن کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔