کرم کے متاثرین کیلئے سردی سے بچاو کے 500 خیمے روانہ
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ڈی ایم اے کی طرف سے ضلع کرم کے متاثرین کیلئے سردی سے بچاو کے 500 مزید خیمے روانہ کر دیئے گئے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق معاون خصوصی برائے ریلیف حاجی نیک محمد کے مطابق 22 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان میں 1000 کمبل ، ایک ہزار رضائیاں، ایک ہزار پلاسٹک کی چٹائیاں وغیرہ شامل ہیں۔
ذرائع پی ڈی ایم اے کے مطابق ہنگو کو بھیجے جانے والے سامان میں 500 ہائی جین کٹس، 500 سولر لیمپس اور 500 کچن سیٹس بھی شامل ہیں۔
مذکورہ سامان ڈپٹی کمشنر ہنگو کی نگرانی میں کرم سے بے گھر ہونے والے خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے ریلیف کے مطابق موسم کی شدت کے پیش نظر کرم کو پہلے بھی ایک ہزار سے زائد خیمے اور دیگر ضروریات زندگی پہنچائی جا چکی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے اسفند یار خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا سارا عملہ ریڈ الرٹ پر ہے اور ایمرجنسی سیل پوری طرح فعال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کیلئے مزید سامان بھی ضرورت کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر مہیا کیا جائے گا۔