اینکر عائشہ یوسف نے پاکستان کی ترقی کیلئے نئے صوبوں کو ناگزیر قرار دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینکر پرسن عائشہ یوسف کا کہنا ہے کہ ملکوں کی ترقی کا راز نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں پنہاں ہے. پاکستان میں جب تک نئے صوبے نہیں بنتے ترقی کا سفر طے نہیں کیا جاسکتا.
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام 'دنیا مہر بخاری کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے اینکر عائشہ یوسف نے کہا کہ پاکستان سے کم آبادی والے ملکوں میں کئی صوبے بنے ہوئے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہاں کوئی نیا صوبہ نہیں بن سکا. اتنے بڑے صوبوں کو چلانے کیلئے صرف ایک ایک ہائیکورٹ اور ایک ایک چیف سیکریٹری ہوتا ہے جس کی وجہ سے کام کا پریشر بہت زیادہ ہو جاتا ہے اور معاملات کا حل نکلنے میں لمبا عرصہ لگ جاتا ہے.
عائشہ یوسف کے مطابق کراچی کی آبادی دو کروڑ کے قریب ہے، یہ اکیلا شہر دنیا کے کئی ترقی یافتہ ملکوں سے بھی بڑا ہے لیکن اس شہر کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں. اگر کوئی کراچی کو صوبہ بنانے کی بات کرتا ہے تو اسے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے.
عائشہ یوسف کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کو تقسیم نہ کرنے کی وجہ سے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، انصاف کی فراہمی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے. پاکستان میں جب تک نئے صوبے نہیں بنتے ترقی کا سفر طے نہیں کیا جاسکتا.