پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس،پنجاب میں پہلے فیز میں 7500ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں پہلے فیز میں 7500ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا فیصلہ کیا ہے۔
سما ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں 35ہزار سے زائد کسان کارڈز کاشتکاروں کو مل گئے ہیں۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلے فیز میں 7500ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کی اگلے سال جون تک تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ چیف منسٹر ایگریکلچر گریجویٹ پروگرام کو متعلقہ یوسیز میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اجلاس میں زرعی پیداوار کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا،کینولا کی کاشت بڑھانے کیلئے سرکاری اراضی کے استعمال کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں پہلے فیز کے 9ہزار509گرین ٹریکٹر کے ڈیزائن اور دیگر امور کی منظوری دی گئی،گرین ٹریکٹر مخصوص فیچر، کلر، نمبر سےبیچا نہیں جا سکے گا،اس کیلئے اگلے سال کی13مارچ ڈیڈلائن مقررکی گئی۔
مریم نواز نے ایئرایمبولینس کی لینڈنگ کیلئے ایئرسٹرب بنانے کا حکم دیا،وزیراعلی نے ریسکیو سروسز کی ضرورت کے تعین کیلئے میپنگ کا حکم بھی دیا، انہوں نے ضروریات کا تعین کرکے ہر شہر میں ریسکیو ایمبولینس فراہم کرنے کی ہدایت کی،اس کے علاوہ یونیوسٹی اور کالجز میں ریسکیو ٹریننگ کا دائرہ مزید بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔