6دہائیوں کی محبت کے بعد بالآخر 95 سالہ بزرگ کو اپنی 90 سالہ محبت مل گئی، تفصیلات منظر عام پر

نیروبی(مانیٹرنگ ڈیسک) افریقی ملک کینیا میں ایک95سالہ شخص نے 6دہائیوں بعد اپنی 90سالہ محبت پا لی۔
ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ابراہیم مبوگو اور تبیتھا وانگوئی نامی خاتون کی پہلی ملاقات 64سال قبل ہوئی اور پہلی نظر میں ہی دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے تھے۔مقامی میڈیا کے مطابق ابراہیم اور تبیتھا نے دارالحکومت نیروبی سے 3گھنٹے کے فاصلے پر واقع قصبے مکوروینی کے چرچ میں شادی کی۔ چرچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم مبوگو نے بتایا کہ ’’میں اور تبیتھا وانگوئی 1960ء میں پہلی بار ملے تھے ۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’ہم اپنی کیکویو روایات کے مطابق قانونی طور پر شادی شدہ تھے تاہم عیسائی ہونے کے ناتے ہم نے سوچا کہ ہمیں چرچ میں بھی شادی کی رسم ادا کرنی چاہیے۔‘‘ اپنی خوشگوار ازدواجی زندگی کا راز بتاتے ہوئے تبیتھا وانگوئی نے کہا کہ ’’خواتین کو اپنے شوہروں کا احترام کرنا چاہیے۔ اگر وہ ایسا کریں گی تو میری طرح شوہروں کے ساتھ خوش رہیں گی۔ خواتین کوئی غلط کام نہ کریں اور اگر ہو جائے تو انہیں معافی مانگ لینی چاہیے۔‘‘