2024 میں کون سے مشہور کھلاڑی کرکٹ چھوڑ گئے؟ تفصیلات منظرعام پر
لاہور (ویب ڈیسک) یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ سال 2024 کرکٹرز کی ریٹائرمنٹ کا سال ثابت ہورہا ہے، اس کھیل سے جڑے کئی بڑے نام اس سال کرکٹ کو خیر باد کہہ کر ریٹائر ہوگئے۔
آج نیوز کے مطابق بدھ کو کرکٹ شائقین کے لیے اچانک ایک حیران کن خبر سامنے آئی جب بھارت کے تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون نے بارڈرگواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے اختتام کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر روی چندرن ایشون نے کپتان روہت شرما کے ساتھ پریس کانفرس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ایشون پہلے کرکٹر نہیں جنہوں نے رواں سال کرکٹ کو خیر باد کہا، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ سال 2024 کرکٹرز کی ریٹائرمنٹ کا سال ثابت ہورہا ہے۔ اس کھیل سے جڑے کئی بڑے نام سال 2024 میں کرکٹ کو خیر باد کہہ کر ریٹائر ہوگئے۔
اس تحریر میں ہم آپ کو ان کرکٹرز کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے سال 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ یا پھر اُس کے کسی مخصوص فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ سب سے پہلے ان کرکٹرز کے بارے میں بات کرتے ہیں جو رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہوگئے۔
جیمز اینڈرسن
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے رواں سال مئی میں انسٹاگرام کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد جیمز اینڈرسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہا۔
جیمز اینڈرسن نے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میں 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مجموعی طور پر 188 ٹیسٹ میں 704 وکٹیں حاصل کیں، وہ 700 سے زائد وکٹیں لینے والے تیسرے بولر بنے۔
41 سالہ جیمز اینڈرسن نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طورپر 991 شکار کیے۔
شکھر دھون
رواں سال اگست میں بھارتی اوپنر شکھر دھون نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ سال 2022 کے بعد سے بھارت کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے۔
البتہ دھون اس سال کی لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گے، جو ریٹائرڈ کھلاڑیوں کا ایک ٹورنامنٹ ہے۔
ڈیوڈ ملان
اگست 2024 میں انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے بیٹر ڈیوڈ ملان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ 2023 کے ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
شینن گیبریل
ویسٹ انڈیز کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شینن گیبریل نے رواں سال اگست میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہا البتہ وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
ڈیوڈ وارنر
آسٹریلیا کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ سال ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم اس سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہو گئے۔
البتہ ڈیوڈ وارنر نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان تھا کہ لیکن مشکل ہے کہ انہیں آسٹریلیا ٹیم میں شامل کرے۔
ڈیوڈ ویزا
پہلے جنوبی افریقا اور پھر نمیبیا کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا نے اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد تمام بین الاقوامی فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ڈیوڈ ویزا پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہیں پاکستان میں کافی شہرت ملی۔
سیبرانڈ اینگلبرکٹ
نیدرلینڈز کے کرکٹر سیبرانڈ اینگلبرکٹ جو ماضی میں جنوبی افریقا کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں وہ بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ۔
دنیش کارتک
بھارتی وکٹ کیپر بیٹر دنیش کارتک نے رواں سال جون میں انٹرنینشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
تاہم، وہ جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے آئندہ سیزن میں پارل رائلز کے لیے کھیلنے کے لیے معاہد کر چکے ہیں۔
ڈین ایلگر
جنوبی افریقا کے بائیں ہاتھ کے تجربہ کار بیٹر ڈین ایلگر نے ویسے تو دسمبر 2023 میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
لیکن رواں سال جنوری میں بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے بعد انہوں نے باضابطہ طور پر کرکٹ چھوڑ دی۔
سوربھ تیواری
بھارتی بیٹر سوربھ تیواری جنہوں نے 2010 میں بھارت کے لیے اپنا آخری میچ کھیلا تھا، رواں سال فروری میں رانجی ٹرافی میں جھارکھنڈ کی نمائندگی کرنے کے بعد پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔
نیل ویگنر
نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نیل ویگنر نے رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
کولن منرو
نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے جارحانہ بیٹر کولن منرو فرنچائز کرکٹ میں مسلسل ایک اہم کھلاڑی رہے ہیں،لیکن انہوں نے 2020 کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا۔
اسی وجہ سے منرو نے رواں سال مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
کیدار یادیو
کیدار یادیو جنہوں نے بھارت کیلئے 82 میچز میں نمائندگی کی، وہ رواں سال جون میں تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو گئے تھے۔
انہوں نے آئی پی ایل میں بھی کئی ٹیموں کی نمائندگی کی۔ وہ مہندر سنگھ دھونی کے لیے میچ میں اپنی بولنگ سے پارٹنرشپ بریکر کا کام بخوبی کرتے تھے۔
ول پوکووسکی
رواں سال اگست میں صرف 26 سال کی عمر میں آسٹریلوی بیٹر ول پوکووسکی کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہونا پڑا کیونکہ میڈیکل ماہرین نے ان کو سر پر لگنے والی چوٹوں کی وجہ سے کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔
انہوں نے 2021 میں بھارت کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
برندر سران
رواں سال 30 اگست کو بھارتی فاسٹ بولر برندر سران نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
وہ 2016 میں بھارت کے لیے 8 میچ کھیل چکے ہیں۔
معین علی
انگلش آل راؤنڈر معین علی جو پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے تھے انہوں نے رواں سال 8 ستمبر کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
البتہ وہ وہ فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
میتھیو ویڈ
آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بیٹر میتھو ویڈ نے رواں سال اکتوبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
میتھیو ویڈ نے ریٹائرمنٹ کے فوری بعد کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
عماد وسیم
پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے دسمبر میں ایک بار پھر انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
عماد وسیم نے رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل اپنی ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔
محمد عامر
عما وسیم کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے دسمبر میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچز کے علاوہ 61 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
عماد وسیم کی طرح محمد عامر نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ملک کی نمائندگی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔
محمد عرفان
بائیں ہاتھ کے طویل القامت پاکستانی فاسٹ بالر محمدعرفان نے بھی دسمبر میں ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا۔
محمدعرفان نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
روی چندرن ایشون
بھارت کے اسٹار اسپنر روی چندرن ایشون نے 18 دسمبر کو برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پرکپتان روہت شرما کے ساتھ پریس کانفرس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ایشون نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 537 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ 116 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔
وہ کھلاڑی جو رواں سال صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے:
ٹِم ساؤتھی
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ٹِم ساؤتھی کا ٹیسٹ کیریئر 17 دسمبر کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے خاتمے کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ گیا۔
انہوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ٹِم ساؤتھی نے 2008 میں انگلینڈ کے خلاف ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے 107 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 391 وکٹیں حاصل کیں۔
ہینرک کلاسن
جنوبی افریقا کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹر ہینری کلاسن نے رواں سال جنوری میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقی سلیکٹرز نے انہیں طویل فارمیٹ میں زیادہ مواقع نہیں دیے تھے، انہوں نے 2019 میں ڈیبیو کے بعد صرف 4 ٹیسٹ کھیلے۔
البتہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رواں سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی:
ویرات کوہلی
بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے جون میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد پریزینٹیشن کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ اب یہ فارمیٹ نہیں کھیلیں گے۔
کوہلی کی اچانک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ پر ان کے مداح کافی اداس ہوئے پر خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ ابھی بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں۔
روہت شرما
ویرات کوہلی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں اس فارمیٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
کوہلی کی طرح، روہت بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔
رویندرا جڈیجا
ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے ایک دن بعد بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے بھی انسٹاگرام پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
جڈیجا بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
شکیب الحسن
بنگلادیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے رواں سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ جون میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ان کا اس فارمیٹ میں آخری ٹورنامنٹ تھا اور وہ اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔
انہوں نے اکتوبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
محمود اللہ
2021 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے والے بنگلادیش کے آل راؤنڈر محمود اللہ نے رواں سال اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
محمود اللہ ون ڈے کرکٹ میں بنگلادیش کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
برائن ماسابا
یوگنڈا کرکٹ ٹیم کے کپتان برائن ماسابا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
البتہ وہ ون ڈےفارمیٹ کے لیے یوگنڈا ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے۔