معروف بھارتی فلم ساز شیام بینیگل 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

معروف بھارتی فلم ساز شیام بینیگل 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
معروف بھارتی فلم ساز شیام بینیگل 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی سینما کے نامور ہدایتکار اور سکرین رائٹر شیام بینیگل ممبئی کے ووکھارڈ ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور زیر علاج تھے۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔

خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق شیام بینیگل کو بھارتی سینما کا ایک اہم ستون تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں متعدد شاہکار فلمیں تخلیق کیں جو بھارتی پیرالیل سینما کی شناخت بنیں۔ ان کی مشہور فلموں میں 'انکور'، 'نشانت'، 'منتھن' اور 'بھومیکا' شامل ہیں۔ بینیگل کو سات مرتبہ بہترین فیچر فلم کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا اور 2018 میں انہیں وی شانتا رام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔

شیام بینیگل 14 دسمبر 1934 کو حیدرآباد میں ایک کانکنی بولنے والے چترپور سرسوت برہمن خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا (FTII) اور نیشنل سکول آف ڈراما (NSD) کے نامور اداکاروں جیسے نصیرالدین شاہ، اوم پوری، سمیتا پاٹل، شبانہ اعظمی، کلبھوشن کھربندا اور امریش پوری کے ساتھ کام کیا۔

شیام بینیگل کی فلموں نے سماجی و سیاسی موضوعات پر روشنی ڈالی ۔ ان کی فلم 'جنون' (1979)، رسکن بانڈ کے ناول 'اے فلائٹ آف پیجنز' پر مبنی تھی، جو آزادی کے دور میں محبت کی کہانی پر مشتمل ہے۔

اسی طرح 1992 کی فلم 'سورج کا ساتواں گھوڑا' نے ایک منفرد داستانی طرز پیش کی، جہاں ایک شخص اپنی زندگی کی تین خواتین کی کہانی بیان کرتا ہے۔

'بھومیکا' (1977) نے نسوانی مسائل، ذاتی شناخت، اور تعلقات کے تنازعات کو منفرد انداز میں پیش کیا، جبکہ 'منڈی' (1983) نے جسم فروشی اور سیاست پر طنزیہ تبصرہ کیا۔

شیام بینیگل کی فلموں نے بین الاقوامی سطح پر بھی شہرت حاصل کی۔ فلم 'منتھن' (1976) کو 77 ویں کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا۔

ان کی آخری فلم 'مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن' (2023)، شیخ مجیب الرحمٰن کی زندگی پر مبنی ایک بھارت بنگلہ دیش مشترکہ پروڈکشن تھی، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔

بینیگل نے دستاویزی فلموں اور ٹیلی ویژن میں بھی نمایاں کام کیا۔ ان کے سیریل 'بھارت ایک کھوج' اور 'سمویدھان' بھارتی ٹیلی ویژن کے اہم سنگ میل تصور کیے جاتے ہیں۔

شیام بینیگل کو ان کی خدمات پر پدم شری، پدم بھوشن اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ، جو بھارتی سینما کا سب سے بڑا اعزاز ہے، سے نوازا گیا. 

مزید :

تفریح -