سندس فاؤنڈیشن میں کرسمس کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد, وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کیک کاٹا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندس فاؤنڈیشن میں کرسمس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتی برادری کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے کیک کٹنگ کی گئی۔ اس پروقار تقریب کے مہمانانِ خصوصی صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے اعجاز عالم آگسٹین تھے۔
تقریب میں سندس فاؤنڈیشن کے صدر یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن خالد عباس ڈار، چیف آپریٹنگ آفیسر عبد الستار، ڈائریکٹر فنانس علی رؤف، مینیجر فنڈ ریزنگ فیصل حمید، مینیجر مارکیٹنگ، کمیونیکیشن، پی آر اور میڈیا عمران مہراور دیگر اہم افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اقلیتوں کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی، اور فلاحی خدمات کی اہمیت پر زور دیا۔
مہمانِ خصوصی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ سندس فاؤنڈیشن کے کام کی پاکستان میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ سندس فاؤنڈیشن کا کام انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرناہے۔ مسیحی برادری پاکستان کی تاریخ میں لکھا جائے گا کے تکمیل پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان میں اس قوم نے خدمت کی ہے.
صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے اعجاز عالم آگسٹین کو سندس فاؤنڈیشن کا دورہ بھی کروایا گیا۔ دورے کے دوران میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کو فاؤنڈیشن کی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی، خاص طور پر تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن میں 7000 سے زائد تھیلیسیمیا کے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، اور مریضوں کو ماہانہ دو بار خون فراہم کیا جاتا ہے، ساتھ ہی انہیں ادویات بھی بلا معاوضہ مہیا کی جاتی ہیں۔
اس موقع پر خصوصی کیک کٹنگ کے بعد مہمانوں اور فاؤنڈیشن کے عملے نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور اقلیتوں کے حقوق اور انسانی ہمدردی کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان نے تقریب میں شرکت پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر کو ان کی اقلیتوں کی بہبود اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔