فیس ادا نہ کرنے پر سکول میں بچوں کو ڈارک روم میں قید کردیا گیا، ہنگامہ برپا ہوگیا
بنگلور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے ایک سکول کو طلباء کو فیس ادا نہ کرنے کی وجہ سے مبینہ طور پر قید کرنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا ہے۔ آرکڈ انٹرنیشنل اسکول پر الزام ہے کہ اس نے طلباء کو اس قسم کی سزا دی، جس کی وجہ سے ان پر جذباتی اور ذہنی دباؤ پڑا۔ غصے سے بھرے والدین نے اس سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سکول نے طلباء کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ باضابطہ شکایات درج کروائیں گے تو ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ شہر کے کچھ دیگر پرائیویٹ سکولوں پر بھی الزام ہے کہ وہ طلباء کو فیس ادا نہ کرنے، دیر سے آنے یا دیگر غلط رویے کے لیے سزاً کے طور پر ڈارک روم میں بند کرتے ہیں۔ بعض اوقات، طلباء کو کلاس کے دوران لائبریری کے ایک اندھیرے کمرے میں قید کیا گیا۔
نیوز 18 کے مطابق ان الزامات کے بعد محکمہ تعلیم اور بچوں کے تحفظ و سلامتی کے محکمہ میں شکایات درج کروائی گئی ہیں۔ والدین نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جس میں ایسے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کرنے اور انہیں بلیک لسٹ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ یہ سزا دینے کے طریقے بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں اور ایسے سکولوں کو جوابدہ ہونا چاہیے۔
محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کو طلباء کو فیس کی عدم ادائیگی پر ہراساں کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ان کے ذہنی سکون اور تعلیمی کارکردگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایسے واقعات کی اطلاع مقامی پولیس سٹیشنوں میں دیں، اور محکمہ نے مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو ایسے سکولوں کے پرمٹ منسوخ کر دیے جائیں گے اور انہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا۔