سابق رکن اسمبلی سردار غالب ڈومکی پر قاتلانہ حملہ، 2 گارڈ جاں بحق
شکارپور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کے علاقے شکارپور کے رستم تھانے کی حدود میں سابق ایم پی اے سردار غالب حسین ڈومکی کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ سردار غالب حسین ڈومکی اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق سابق ایم پی اے وزیر سردار غالب حسین ڈومکی سکھر سے تعزیت کے بعد اپنی فیملی کے ساتھ اپنے گھر بخشا پور جارہے تھے کہ رستم تھانے کی حدود میں 6 سے زائد نامعلوم ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی اور نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں سردار غالب حسین ڈومکی کے 2 سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ سردار غالب حسین ڈومکی اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں، جن کو سکھر کے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار غالب حسین ڈومکی کے گارڈز کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی مارا گیا جبکہ 3زخمی ہو گئے ہیں،جن کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق ایم پی اے سردار غالب حسین ڈومکی کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سے تفصیلات طلب کرلیں،چیئرمین پیپلزپارٹی نے سردارغالب حسین ڈومکی کی گاڑی پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔