درخشندہ روایات کا حامل طبعی ادارہ، مجاہد ہسپتال فیصل آباد

درخشندہ روایات کا حامل طبعی ادارہ، مجاہد ہسپتال فیصل آباد
درخشندہ روایات کا حامل طبعی ادارہ، مجاہد ہسپتال فیصل آباد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


میرے زمانہ طالب علمی کے ساتھی اور ناظم فیصل آباد کی ہر دِلعزیز شخصیت سابق چیئرمین شیخ محمد مشتاق جو وقتاً فوقتاً لاہور کے امور کے سلسلے میں گزشتہ32سال سے تنگ کرتے رہتے ہیں ایک دن فون آیا ہم مجاہد ہسپتال فیصل آباد کی ڈونر کانفرنس کرنا چاہتے ہیں۔مجاہد ویلفیئر کونسل کے ذمہ داران کی خواہش ہے اِس سال17مارچ کو سرینا ہوٹل میں ہونے والے سالانہ پروگرام کے مہمان خصوصی مجیب الرحمن شامی صاحب ہوں، ملک بھر کے ساتھی اِس بات سے آگاہ ہیں 1997ء سے اب تک میں محترم شامی صاحب کے زیر سایہ ہوں۔ شیخ مشتاق صاحب کا فون سن کر میں نے انہیں درخواست کی آپ کو محترم شامی صاحب کا فون نمبر دیتا ہوں آپ پروگرام میں شرکت کی درخواست بھیجیں، رات کو بات ہوئی تھی صبح دفتر پہنچا تو میرے سکول کے استاد سرپرست محترم امجد حسین امجد جن کے اخلاق اور دعوت سے فہم دین کی طرف راغب ہوا تھا اُن کا حکم آ گیا ہم نے17مارچ کو  سرینا میں ہونے والی سالانہ ڈونر کانفرنس کا دعوت نامہ اور شرکت کی درخواست واٹس اَپ کر دی ہے اور ڈاک کے ذریعے بھیج رہے ہیں۔ میں سالہا سال سے محترم شامی صاحب کی مصروفیت سے آگاہ ہوں اس لیے مجھے یقین تھا کہ اس دن فارغ ہوئے تو ضرور جائیں گے۔ شیخ صاحب اور امجد صاحب کا اصرار جاری تھا کہ محترم شامی صاحب کا فون آ گیا فرمانے لگے کہ فیصل آباد جانا ہے؟ میں نے کہا جی ضرور جانا ہے، حالانکہ میرے لیے17مارچ کی رات مقامی الیکشن کی وجہ سے بڑی اہم تھی، 19مارچ کو اقبال ٹاؤن کے انتخابات ہو رہے تھے، اہل ِ فیصل آباد کی نظریں محترم شامی صاحب کی آمد کی منتظر تھیں اس لئے میں نے اپنی انتخابی مہم کو پس ِ پشت ڈالتے ہوئے پروگرام کو حتمی شکل دے دی اللہ بھلا کرے محترم شامی صاحب کا انہوں نے گھر سے مجھے لیا اور ہم عصر سے پہلے روانہ ہو گئے، راستے میں نمازِ عصر ادا کی اور مغرب کے قریب ساہیاں والا انٹرچینج پر پہنچے تو نمازِ مغرب کا وقت تھا میں نے اپنے حاجی ساتھی اور دوست عارف جمیل سے رابطہ کیا جن کا ہمیشہ اصرار رہا ہے کہ آپ واپڈا سٹی کے سامنے سے گزر جاتے ہیں زیادتی کرتے ہیں ان کی والدہ اور بیگم سے حج2022ء میں فیملی کا حرمین شریفین کا رشتہ قائم ہو چکا ہے، میرے فون پر عارف جمیل نہال ہوگئے جب میں نے بتایا کہ  محترم شامی صاحب ساتھ ہیں ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں تھا ہم نے پہلی دفعہ واپڈا سٹی فیصل آباد دیکھا اور عارف بھائی کے گھر نمازِ مغرب و عشاء ادا کی اور وہاں سے سیدھے مدینہ ٹاؤن میں واقع مجاہد ہسپتال پہنچے۔مجاہد ہسپتال میں دوسری مرتبہ آیا تھا،خوبصورت بلڈنگ کے حامل مجاہد ہسپتال کے گیٹ پر فخرِ فیصل آباد ایم ایس مجاہد ہسپتال ڈاکٹر خالد فخر، چیئرمین ایڈوائزری کونسل شیخ محمد مشتاق اور ایڈمنسٹریٹر امجد حسین امجد اپنے سٹاف کے ساتھ پھولوں کے گلدستے لیے ہوئے موجود تھے اور محترم شامی صاحب کی آمد سے شاداں ہوئے، ایم ایس کے کمرے میں مختصر بریفنگ کے بعد ڈاکٹر خالد فخر کی قیادت اور شیخ مشتاق صاحب کی رہنمائی میں ہسپتال کے دورے پر نکلے تو اندازہ ہوا کہ مجاہد ہسپتال واقعی ایک شاہکار ہے، جدید سہولیات سے آراستہ صاف ستھرا ماحول دیکھ کر دل خوش ہو گیا، فیصل آباد میں ٹرپل ایم ایس کا اعزاز پانے والے ڈاکٹر خالد محمود  فخر کی بطور ایم ایس مجاہد ہسپتال ذمہ داری سنبھالنے سے جہاں مجاہد ویلفیئر خوش تھی، وہاں فیصل آباد کے سنجیدہ حلقے ڈاکٹر خالد محمود فخر کے مجاہد ہسپتال سے جڑنے کو ہسپتال کے لئے نیک شگون قرار دے رہے تھے۔ مجیب الرحمن شامی صاحب کو مختلف وارڈ کے دورے کے ساتھ ساتھ بتا رہے تھے2022ء میں چار لاکھ مریضوں نے استفادہ کیا ہے گزشتہ 12سال میں 12لاکھ سے زائد مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں،23بیڈ گائنی کے لئے مخصوص ہیں،12بیڈ بچوں کی وارڈ کے ہیں۔ مجاہد ہسپتال میں جدید لیبر روم پیڈز کے شعبہ میں جدید تقاضوں کے مطابق نرسری وارڈ، وینٹی لیٹر، بیسمنٹ میں جرمنی اور یو ایس اے کی جدید مشینری کی حامل لیبارٹری موجود ہے۔ امراضِ قلب کی نئی وارڈ کا آغاز کر رہے ہیں اوپن سرجری بھی عنقریب شروع کی جا رہی ہے۔ میڈیکل کمپلیکس کے 13 فلور میں چھ مکمل ہو چکے ہیں،7ویں میں کام جاری ہے بقیہ فلور کی تکمیل کے لئے 500ملین درکار ہیں۔ ہسپتال کے وزٹ کے بعد محترم شامی صاحب مجاہد ہسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ سرینا ہوٹل پہنچے جہاں سالانہ پروگرام کے موقع پر خوبصورت رنگارنگ تقریب سجائی گئی تھی، شامی صاحب کی ہال میں آمد کے ساتھ ہی پروگرام کے روح رواں شیخ مشتاق نے سٹیج سنبھال لیا اور خوبصورت انداز میں تلاوت اور نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد بتایا 1980ء میں مجاہد ہیلتھ کلب سے شروع ہونے والا قافلہ 1981ء میں چھوٹی سی فری ڈسپنسری اور مجاہد ہسپتال ویلفیئر کونسل کے قیام سے آگے بڑھا۔1983ء میں مجاہد ہسپتال کی بنیاد رکھی اور چند بستر کا ہسپتال شروع ہوا، 38سال پہلے لگایا گیا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے۔ آج مجاہد ہسپتال فیصل آباد کے چند بڑے ہسپتالوں میں سے ایک ہے۔ 100سے زائد کنسلٹنٹ ڈاکٹر کی نگرانی میں 32مختلف شعبہ جات بہترین طبعی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ شیخ مشتاق نے بتایا2021ء کے مقابلے میں 2022ء میں ایک لاکھ  مریضوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ طفیل احمد ضیاء، حاجی ابراہیم، حافظ سرور، ملک محمد دین کی طرف سے شروع کیا گیا صدقہ جاریہ مجاہد ہسپتال محکمہ صحت ہیلتھ کیئر سوشل ویلفیئر سے رجسٹرڈ ہے۔ پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام کے بعد مختلف کورسز کا آغاز کیا گیا ہے۔ 50رکنی ویلفیئر کونسل ہر دو سال بعد سات رکنی ایگزیکٹو باڈی منتخب کرتی ہے۔ہفتے میں سات دن 24گھنٹے سروسز فراہم کی جاتی ہے، ایمرجنسی میں جدید تقاضوں کے مطابق ایمبولینس کا نظام موجود ہے، سرینا کے خوبصورت حال میں فیصل آباد کی تاجر برادری کی بڑی تعداد سمیت سرپرست مجاہد ہسپتال پروفیسر محبوب الزمان بٹ، صدر ویلفیئر کونسل، انجم اقبال بٹ، سیکرٹری محمد یوسف گل، الخدمت فاؤنڈیشن جماعت اسلامی فیصل آباد اور ضلع کے ذمہ داران موجود تھے۔ صدر فیصل آباد چیمبر ڈاکٹر خرم طارق کو تالیوں کی گونج میں خطاب کے لئے بلایا گیا، ڈاکٹر خرم طارق جو مجاہد ہسپتال کے سفیر کے طور پر خدمات دے رہے ہیں انہوں نے چیمبر کی طرف سے بہت سے پروگرام مل کر کرنے کی دعوت دی اور مریضوں میں کمی کرنے کے لئے پروگرام پیش کیا اس کے بعد شیخ مشتاق نے ڈونر کو دعوت دی۔ ہسپتال کی شاندار کارکردگی پر موقع پر موجود درجنوں افراد نے کیش اور امدادی چیک پیش کیے، بیشتر افراد نے تعمیراتی کام میں معاونت کا اعلان کیا، آخر میں مہمان خصوصی محترم مجیب الرحمن شامی کو دعوت دی گئی تو انہوں نے مجاہد ہسپتال کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے مجاہد ہسپتال کو فیصل آباد کے لئے انمول تحفہ قرار دیا اور مجاہد ہسپتال  کو درخشندہ روایات کا حامل طبعی ادارہ قرار دیتے ہوئے شیخ مشتاق اور ان کی ٹیم، صدر انجم اقبال بٹ اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر خالد محمود فخرکی اہل ِ فیصل آباد کے لئے قابل قدر خدمات کے بعد ان کی مجاہد ہسپتال کے ساتھ وابستگی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا مجھے مجاہد ہسپتال کا نظام اور آج کی ڈونر کانفرنس میں تاجر برادری کی غیر معمولی دلچسپی کو دیکھ کر اندازہ ہوا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، آنے والے وقت میں خوشخبریاں ہی خوشخبریاں ہیں۔ مجاہد ہسپتال پرائیویٹ ہسپتال کے ساتھ سرکاری ہسپتالوں کے لئے بھی مثال بنے گا اس سے ساتھ معاونت کرنے والے دنیا و آخرت دونوں میں سرخرو ہوں گے مجھے ہسپتال دیکھ کر اور پروگرام میں شریک ہو کر دلی خوشی ہوئی ہے اللہ ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔
٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -کالم -