سی پیک کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے : احسن اقبال

سی پیک کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے : احسن اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

حویلیاں،اسلام آباد ( آن لائن ،این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ نے چینی سکیورٹی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے پیچھے سی پیک کا اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی ورکرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ،پاکستان میں چینی ورکرز کا منصوبوں پر کام کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سپیشل سیکیورٹی تشکیل دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک سے حاصل ہونیوالے اقتصادی فوائد پاکستان اور چین دونوں ممالک کیلئے یکساں ہیں ، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ملکر سی پیک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنا ئیں گے ، وزیر داخلہ نے کہا کہ مغربی سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستان اور چین مل کر کام کرینگے۔دوسری طرف وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا پارلیمنٹ میں بریفنگ دینا نیک شگون ہے۔عسکری و سول قیادت مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے، عمران خان نواز شریف کے انصاف کی تحریک چلانے کے بیان کے بعد سڑکوں پر جو نکلنے کی بات کر رہے ہیں وہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں جبکہ نواز شریف جو تحریک چلانا چاہتے ہیں وہ اداروں اور عدلیہ کے استحکام کیلئے ہے،پاک۔چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے، حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے پر ترقیاتی کاموں کے جائزہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیض آباد کا دھرنا ایک ڈراؤنا خواب تھا، دہشت گرد اور سازشی عناصر چاہتے تھے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو جنم دیا جائے لیکن عسکری اور سول قیادت نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ سازشیں ناکام بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے، حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس حصہ کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے اور بھی مضبوط، مستحکم اور گہرے ہوں گے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا جن پوری طرح بوتل میں بند نہیں ہوا پاکستان کو درپیش خطرناک کے پیش نظر آگ سے نہیں کھیلنا چاہئے۔ دھرنا ایک ڈراؤنا خواب محرکات خطرناک تھے۔ کوئی بھی مارشل لاء سیاسی ناکامی کی وجہ سے نہیں لگا سول ملٹری تعلقات صحیح رکھنے میں کامیاب رہے تو ہر جنگ جیت جائیں گے۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ اول -