آٹھ تعلیمی بورڈ سربراہوں سے محروم
ملتان،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ سمیت صوبے کے آٹھ تعلیمی بورڈز چیئرمینوں سے محروم ہیں، چیئرمین شپ کا اضافی چارج متعلقہ کمشنروں کے پاس ہے جس کا اُنہیں اعزازیہ بھی دیا جا رہا ہے تاہم اُن کی عدم دلچسپی کے باعث اِن بورڈز کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مارچ میں ہونے والے میٹرک امتحانات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے لیکن اُن کی تیاری کا عمل تاحال شروع نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے امتحان میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ تعلیمی بورڈز نے امتحانی مواد کے لیے کاغذ خریداری کے علاوہ پرنٹنگ کی بھی تیاری کرنی ہوتی ہے مگر اِس حوالے سے کوئی عملی قدم تاحال سامنے نہیں آیا۔ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ حکومت تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین تعینات کرے تاکہ درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
٭٭٭٭٭