چیمپئنز ٹرافی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے نیا تنازع کھڑا کر دیا
لاہور (ویب ڈیسک) پیسوں اور اثر رسوخ کا استعمال کرنیوالے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اب آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے قبل نیا تنازع کھڑا کردیا۔
نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز" کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پہلے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا اور پھر چیمپئینز ٹرافی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کہنے پر ہائبرڈ ماڈل پر منتقل کردیا جبکہ اس صورت میں پاکستان نے بھی مطالبہ کیا کہ اگر بھارتی ٹیم نہیں آتی تو آئندہ ہونیوالے ایونٹس کیلئے بھی یہی ماڈل لاگو ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے مبینہ طور پر ٹیم کی جرسی پر 'پاکستان' (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض اٹھایا ہے جس پر کرکٹ فینز بھڑک اُٹھے ہیں۔
بھارتی ٹیم ہائبرڈ ماڈل لاگو ہونے کے بعد اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی تاہم پاکستان ایونٹ میزبان ہے اور آئی سی سی قوانین کے تحت جو ملک میزبانی کررہا ہوتا ہے ایونٹ کی جرسی پر اس ملک کا نام درج ہوتا ہے لیکن بھارت اب یہاں بھی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا کی جرسیوں پر پاکستان کا نام چھاپنے سے انکار کرکے 'کرکٹ میں سیاست' لانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب کے دوران اپنے کپتان روہت شرما کو بھی پاکستان بھیجنے سے انکار کیا جارہا ہے تاکہ میزبان کا نام خراب کیا جاسکے۔
عہدیدار نے کہا کہ اب جرسی پر 'پاکستان' (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض صاف طور پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔