'' آج تک کسی ساتھی اداکارہ نے اپنی شادی پر نہیں بلا یا،، حرامانی کا متنازعہ بیان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی اداکارہ اور ماڈل حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں آج تک کسی ساتھی اداکارہ نے اپنی شادی کی دعوت نہیں دی ہے۔ایک انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شادیوں پر جانے کا بہت شوق ہے لیکن انڈسٹری کی کسی اداکارہ نے اپنی شادی میں انہیں نہیں بلایا۔حرا مانی نے انکشاف کیا کہ انہیں میرا سیٹھی، سجل علی، سارہ خان اور اقراء عزیز نے بھی شادی کی دعوت نہیں دی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاید شوبز انڈسٹری کی اداکارائیں ان کو اپنا دوست نہیں سمجھتی اسی لئے نظر انداز کردیتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنے بیٹے مزمل کی شادی کریں گی تو ان سب اداکاراؤں کو بلائیں گی جنہوں نے ان کو نہیں بلایا تھا۔