پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز اور نرسز کی ہڑتال، مریض مشکل میں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹروں اور نرسز کی ہڑتال آج بھی جاری رہی، رحیم یار خان، بہاول پور، فیصل آباد اور سرگودھا کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رہیں۔
ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ہڑتال ساہیوال واقعہ میں ڈاکٹرز کی گرفتاری اور خانیوال میں نرس کی گرفتاری کے خلاف کی گئی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر ملتان میں نشترہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے۔
فیصل آباد میں بھی الائیڈ سمیت ٹیچنگ ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں، بہاولپور اور سرگودھا میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے آؤٹ ڈور سروسز کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خانیوال سے گرفتار نرس کو رہا کیا جائے، ساہیوال واقعہ میں ڈاکٹرز کو گرفتار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔